- فتوی نمبر: 19-339
- تاریخ: 23 مئی 2024
- عنوانات: عبادات > قربانی کا بیان
استفتاء
حضرت مفتی صاحب دامت برکاتہم العالیہ ۔
عرض ہے کہ آج کل مختلف اداروں اورمدارس کی طرف سے اجتماعی قربانیوں کی بکنگ کاسلسلہ جاری ہے اکثر جگہ یہ دیکھا گیاہے کہ فکس ریٹ فی حصہ مقرر کردیتے ہیں اوربعد میں کمی زیادتی کا کوئی حساب یا لین دین نہیں ہوتا ،ظاہر ہے کہ ہر جانور کا ایک ریٹ نہیں ہوتا اسی طرح اس پر جو خرچ ہوتا ہے وہ بھی مختلف ہوتا ہے کسی جانور کاحصہ مثلا 11000 میں پڑے گا تو کسی کا 11500میں پڑے گا ۔کیا اس طرح قربانی کے جانور کے اضافی پیسے حصہ داروں کی اجازت کےبغیر رکھنے جائز ہیں؟
جبکہ ہم نے آج تک یہی مسئلہ کتابوں میں پڑھا ہے کہ اجتماعی قربانی کرنے والے حضرات پہلے متعین کرکے تو اجرت لے سکتے ہیں لیکن بغیر متعین کئے نہیں لے سکتے ۔اس مسئلہ کی وضاحت فرماکرعنداللہ ماجور ہوں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
جوادارے یا مدارس اجتماعی قربانی کانظم بناتے ہیں ان کی دو حیثیتیں ممکن ہیں:
1۔یہ لوگ حصہ داروں کے وکیل ہوں یعنی حصہ داروں کے وکیل بن کرجانور خریدیں اورآخر تک کےنظم کا بندوبست کریں ۔اس صورت میں جوجانور جتنے میں خریدا گیا ہے اور اس پر جتنا لانے لے جانے اورکھلانے پلانے کا خرچہ ہوا ہے اسی کے حساب سے حصہ داروں سے رقم لیں اوراپنی خدمات (سروسز)کا کچھ معاوضہ لینا چاہیں تو اسے پہلے سے ذکرکردیں مثلا500روپیہ فی حصہ ۔اور اپنی خدمات (سروسز)کا کچھ معاوضہ نہ لینا چاہیں تو یہ بھی درست ہے۔
2۔یہ لوگ از خود جانور خرید کرحصہ داروں کو حصہ فروخت کریں۔ اس صورت میں جتنے میں جانور خریدا ہےیا جتنے میں جانور پڑا ہے اس سے کم وبیش میں بھی حصہ فروخت کرسکتے ہیں ۔نیز اس صورت میں بھی حصہ فروخت کرنے کے بعد جانور کےچارے کے اخراجات علیحدہ سے حصہ داروں سے لے سکتے ہیں ۔نیز اس صورت میں حصہ فروخت کرنے کےبعد اپنی خدمات (سروسز)بالمعاوضہ جو پہلے سے معلوم ہو یا بلامعاوضہ فراہم کرسکتے ہیں ۔لیکن اس صورت میں حصہ داروں سے لی ہوئی ایڈوانس رقم کو جانور خریدنے میں استعمال نہیں کرسکتے ۔اسی طرح جانور خریدنے کےبعد حصہ داروں یا ان کے مقررکردہ وکیل سے باقاعدہ خریدوفروخت کامعاملہ کریں۔
نوٹ:دوسری صورت میں حصہ داروں سے جوایڈوانس رقم اکٹھی کی ہو اسے خریداری میں استعمال نہیں کرسکتے بلکہ اپنی رقم استعمال کرنی ہو گی ۔اب بھی کوئی بات قابل دریافت رہ گئی تو اس کےبارے میں علیحدہ سے پوچھ سکتے ہیں۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved