• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

بیسٹ بائے مال نامی ایپلی کیشن سے کمائی کرنا

استفتاء

کیا بیسٹ بائی ایپ کے ذریعے سے کمائی کرنا جائز ہے؟

تنقیح:مذکورہ ایپلی کیشن سے کمائی کا طریقہ یہ ہےکہ سب سے پہلے اس ایپلی کیشن میں رجسٹر ہونا پڑتا ہے اور اس کے بعد کم از کم 100ڈالر  جمع کروانے پڑتےہیں،100ڈالر جمع کروانے کے بعد اکاؤنٹ ہولڈر کو 15 ڈالر واپس مل جاتے ہیں ۔اس کے بعد اکاؤنٹ ہولڈر کا کام یہ ہوتا ہے کہ اس  کو روزانہ 50آرڈر مکمل کرنے ہیں ،آرڈر مکمل کرنے کی صورت یہ ہوتی ہے کہ ایپلی کیشن پر ایک بٹن ہے اس کو کلک کرتے ہیں  کلک کرنے کے بعد 5 تک گنتی گنی جاتی ہے  جس کے بعدسکرین پر پروڈکٹ کی تصویر آتی ہے اور  کمپنی  اس پر وڈکٹ کو خرید لیتی ہے۔ ہر پروڈکٹ کی خریداری پر کمپنی اکاؤنٹ ہولڈر کو اس پروڈکٹ کی قیمت کا ایک حصہ دیتی ہے جوکہ کم و بیش ہوتا رہتا ہے۔اس کے علاوہ جب بھی آپ چاہیں اپنی رقم نکلوا کر معاملہ ختم کرسکتے ہیں۔

نوٹ: سائل کو رسمی فتوی  ہی چاہیے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ ایپلی کیشن  سے کمائی کرنا جائز نہیں ہے۔

توجیہ: مذکورہ صورت میں  جو کام اکاؤنٹ ہولڈر کو دیا جاتا ہے وہ یہ ہے کہ اشتہار دیکھ کر اس پر کلک کرنا ہوتا ہے اگرچہ کمپنی یہ کہتی ہے کہ کلک کرنے سے گویا کمپنی اس چیز کو خرید لیتی ہے لیکن حقیقت میں  کمپنی کا مقصود ان چیزوں کو خریدنا نہیں ہوتا ،وہ اشتہار تو خود کمپنی کی طرف سے ہی آتے ہیں  اس لیے مذکورہ صورت  کی حقیقت کلک منی کی  ہے یعنی کمپنی اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز سےروزانہ 50 اشتہارات پر کلک کرواتی ہے اور اس کے ذریعے سے کمائی کرکے اکاؤنٹ ہولڈرز کو اجرت دیتی ہے ،اول تو اشتہارات دیکھنا کوئی ایسا عمل نہیں ہے کہ جس پر اجارہ ہوسکے،مزید یہ کہ اس صورت میں غلط بیانی اور دھوکہ دہی بھی شامل ہےکیونکہ اشتہارات دینے والی کمپنیاں چاہتی ہیں کہ ان کے اشتہارات  ایسے لوگ دیکھیں ،جن کو پروڈکٹ میں دلچسپی ہو جبکہ اس  کمپنی کےاکاؤنٹ ہولڈرز کو اشتہار میں دی گئی اشیاء کے ساتھ کوئی دلچسپی نہیں ہوتی  ،بلکہ ان کو صرف یہ غرض ہوتی ہے کہ اشتہار پر کلک کرکے کمپنی سے پیسے لیں ،اس طرح یہ کمپنیاں جعلی مقبولیت( فیک ریٹنگ) کا سبب بنتی ہیں لہذا اس کمپنی کے ساتھ معاملہ کرنا جائز نہیں ہے ۔

نیز نیٹ سے لی گئی معلومات کے مطابق  اس کمپنی نے نفع دینا بند کردیا ہےاور اکاؤنٹ ہولڈرز کو نفع دینے کے لیے یہ شرط لگائی ہے کہ وہ اپنی جمع کروائی گئی رقم کا 20فیصد مزید جمع کروائیں ،جبکہ جن لوگوں نے مزید رقم جمع کروادی ہے ان کو بھی نفع نہیں دے رہی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved