استفتاء
سات سال پہلے حیض کی روٹین چھ دن ، اور پاکی کی اکیس دن تھی، سات سال پہلے بچے کی پیدائش کے بعد ہر پندرہ دن کے بعد داغ لگتا ہے، پانچ دن داغ لگتا ہے پھر صحیح حیض آتا ہے، اورختم ہونے تک بارہ دن لگ جاتے ہیں۔ شروع میں گہرے سرخ داغ لگتے ہیں پھر چار پانچ دن کے بعد نارمل سرخ خون جاری ہو جاتا ہے، اور آخر میں پھر گہرا سرخ ہو جاتا۔ غسل کرنے کے بعد پندرہ دن تک پاک رہتی ہوں۔ پہلے کسی سے مسئلہ پوچھا تھا تو انہوں نے کہا دس دن پورے کریں۔ اب پتا چلا کہ دس دن پورے نہیں کرنے بلکہ روٹین کے چھ دن حیض کے شمار ہوں گے۔
اب پوچھنا یہ ہے کہ ان بارہ دنوں میں سے کونسے حیض کے دن شمار ہوں گے اور کونسے استحاضہ کے؟
وضاحت مطلوب ہے: 1۔ یہ پہلا بچہ تھا یا اس سے پہلے بھی بچے ہیں؟ 2۔ بچے کی پیدائش کے بعد کتنے دن خون آتا رہا؟
جواب وضاحت: 1۔ یہ آخری بچہ ہے، اور اس سے پہلے بھی بچے ہیں۔ 2۔اس طرح ہوا کہ بچے کی پیدائش سے چالیس دن کے بعد بھی خون کے دھبے لگتے رہے ، جو تقریباً پانچ دن تک رہے۔ اس کے بعد پندرہ دن کی پاکی آئی، اس کے بعد سے مسلسل یہ روٹین ہے کہ 12 دن خون آتا ہے اور 15 دن پاکی رہتی ہے۔
وضاحت مطلوب ہے: آخری بچے سے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد کتنے دن خون آیا تھا ؟
جواب وضاحت: اس سے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد چالیس دن خون آیا تھا۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اگر آپ کی آئندہ یہی روٹین برقرار رہتی ہے تو آپ کی سابقہ عادت 6 دن ماہواری اور 21 دن پاکی کے لحاظ سے جب بھی خون آنا شروع ہو تو ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن سے آپ کے حیض کی ابتداء شمار ہو گی ، یعنی داغ لگنے کا پہلا دن حیض شمار نہ ہو گا بلکہ دوسرا دن پہلا دن قرار دیا جائے گا، اس کے بعد 6 دن تک حیض ہی سمجھا جائے گا۔ 6 دن گذرنے کے بعد آپ کی پاکی کے دن شروع ہوں گے۔ اسی طرح جب دوبارہ خون شروع ہو گا تو ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن سے حیض کی ابتداء ہو گی، اور پھر اس کے بعد پاکی ہو گی۔
توجیہ:
ایک دن چھوڑنے کی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ صورت میں آخری بچے کی پیدائش سے پہلے پاکی کی عادت 21 دن اور ماہواری کی عادت 6 دن تھی۔ اور جب بچہ پیدا ہوا، تو چالیس دن کے بعد بھی پانچ دن تک خون جاری رہا، اور اس کے بعد پھر پندرہ دن کی پاکی رہی، اور پھر 12 دن خون آیا ، تو چالیس دن کے بعد پانچ دن جو استحاضے کا خون آیا اور اس کے بعد پندرہ دن پاکی کے آئے، گویا کل پاکی کے دن: 20 بن گئے جبکہ سابقہ پاکی کی عادت 21 دن تھی، اس لیے جب دوبارہ خون شروع ہوا تو اس کا پہلا دن پاکی میں شمار کیا گیا تاکہ پاکی کے اکیس دن پورے ہو جائیں۔ اس کے بعد پہلے چھ دن کو ماہواری شمار کیا گیا اور چھ دن کے بعد کے دنوں کو پاکی کے شمار کیا گیا۔
جائزہ:
چالیس دن کے بعد آنے والا خون اور پاکی کی ترتیب | پاکی و ناپاکی کی ابتدائی و آخری تاریخ | کل دن | سابقہ عادت |
1 ۔۔۔۔۔تا ۔۔۔۔۔۔۔۔5 خون
5 ۔۔۔۔۔ تا ۔۔۔۔۔۔۔۔20 پاکی اگلے بارہ دنوں میں سے پہلا دن |
یکم تا 21 | 5 استحاضہ
15 پاکی 1 استحاضہ |
21 دن پاکی |
20 ۔۔۔۔ تا ۔۔۔۔۔۔۔۔ 2 خون | 22 تا 27 | دوسرے دن تا 7 ویں دن | 6 خون |
پچھلے بارہ دنوں میں سے آخری پانچ دن
2 ۔۔۔۔۔ تا ۔۔۔۔۔۔۔۔17 پاکی اگلے بارہ دنوں میں سے پہلا دن |
28 تا 18 | 5 استحاضہ
15 پاکی 1 استحاضہ |
21 دن پاکی |
17 ۔۔۔۔ تا ۔۔۔۔۔۔۔۔ 29 خون | 19 تا 24 | دوسرے دن تا 7 ویں دن | 6 دن خون |
پچھلے بارہ دنوں میں سے آخری پانچ دن
29 ۔۔۔۔۔ تا ۔۔۔۔۔۔۔ 14 پاکی اگلے بارہ دنوں میں سے پہلا دن |
25 تا 15 | 5 استحاضہ
15 پاکی 1 استحاضہ |
21 دن پاکی |
نوٹ: آئندہ کے لیے اگر خون کے دنوں یا پاکی کے دنوں میں کمی بیشی آجائے تو دوبارہ پوچھ لیا جائے۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved