استفتاء
15 جون 2020 بروز پیر 2:15pm نماز ظہر کو میں پاک ہوئی، پھر 25 جون بروز جمعرات 8:00pm نماز مغرب کو خون جاری ہوااور 30 جون کو ختم ہو گیا، پھر یکم جولائی بروز بدھ 8:00pm نماز مغرب کو پیشاب کے ذریعے آیا، لیکن کپڑے پر داغ نہیں لگا۔ پھر اس کے بعد بالکل نہیں آیا،صرف 2 جولائی کو ایک دفعہ کپڑے پہ داغ لگا، پھر 3اور4 جولائی سے خون نہیں آیا۔ کیا میں نماز پڑھنا شروع کر دوں؟ میں یکم جولائی سے نماز پڑھنا چھوڑ دی تھی۔
پچھلی ترتیب اس طرح ہے کہ 12/ اپریل سے 4/ مئی، 22 دن پاکی رہی، پھر 14 مئی تک 10 دن ماہواری رہی، پھر 5 جون تک 22 دن پاکی رہی۔ پھر 15 جون تک خون آتا رہا۔پھر 15جون کو پاک ہوگئی پھر 25جون کو دوبارہ خون شروع ہوگیا جیسا کہ اوپر ذکرہوا۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں آپ کی ماہواری کی عادت 10 دن اور پاکی کی عادت 22 دن ہے۔
مذکورہ صورت میں چونکہ 5 جون سے لے کر 2 جولائی تک 15 دن کا وقفہ آئے بغیر وقفہ وقفہ سے خون آتا رہا، جو کہ مسلسل خون جاری ہونے کے حکم میں ہے، لہذا سابقہ عادت کے لحاظ سے 5 جون سے 15 جون تک 10 دن ماہواری کے، اور 15 جون کے بعد سے 7 جولائی تک 22 دن پاکی کے شمار ہوں گے۔پھر 7 جولائی کے بعد سے 17 جولائی تک دن 10 ماہواری کے شمار ہوں گے۔ پھر 22 دن پاکی کے، پھر اسی طرح آگے حساب رکھیں ۔
یہ حکم اس صورت میں ہے جب خون مسلسل جاری رہے یا دو خونوں کے درمیان 15 دن یا زائد کا وقفہ نہ ہو۔ اگر درمیان میں پندرہ دن یا زائد کا وقفہ آجائے تو دوبارہ پوچھ لیں۔
نوٹ: 7 جولائی کے بعد سے 17 جولائی تک 10 ماہواری کے دن ہیں۔ لہذا ان دنوں میں جب تک خون نہ آئے آپ نماز یں پڑھتی رہیں اورجیسے ہی ان دنوں میں خون آنا شروع ہو خواہ ایک دھبہ ہی ہو تو نمازیں چھوڑدیں۔
نیز مذکورہ صورت میں چونکہ 7 جولائی تک پاکی کا زمانہ ہے، اس لیے ایک تو فوراً نمازیں شروع کر دیں اور دوسرا یکم جولائی سے جو نمازیں چھوڑیں ہیں، ان کی قضاء بھی کریں۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved