• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

زکوۃ کابہترین مصرف کیا ہے؟

استفتاء

  1. زکوۃ کا اصل حقدار کون ہے ؟آج کل مہنگائی بہت ہے ،ہر شخص مشکل میں ہے ،اب ہر ایک کے اندرونی حالات اور اس کے مال کے بارے میں علم نہیں ہوتامثلا ایک چوکیدار ،ریڈی بان ،گھروں میں کام کرنے والی خواتین وغیرہ ظاہری طور پر لگتا ہے کہ ان کو صدقہ و زکوۃ دیا جا سکتا ہے ،کیونکہ یہ علم نہیں کہ شاید اس کے پاس گھر میں سونا ہو ۔اب ان حالات میں اس طرح کے لوگوں کو صدقہ وزکوۃ دے سکتےہیں ؟
  2. زکوۃ پر زیادہ حق کن کاہے؟ جو ہمارے پاس کام کرتے ہیں کیا وہ زیادہ حقدار ہیں؟
  3. ہسپتال ،مدارس اور اس طرح کے فلاحی اداروں کو زکوۃ دی جا سکتی ہے؟
  4. صدقہ پرندوں کو دانہ ،گوشت خرید کر ڈالنا بہترہے یا کسی مدرسے میں دیا جائے یا پھر اپنے کام والوں کو؟

5.اسی طرح کسی کے پاس اپنا گھر ،موٹرسائیکل ،فریج ہے مگر وہ مدد مانگ رہا ہے اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے تو ایسے لوگ صدقہ اور زکوۃ کے حقدار ہیں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ جس آدمی کی ملکیت میں بنیادی ضروریات زندگی کے علاوہ، اور اگر وہ مقروض ہے تو قرضے کے علاوہ ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت (جو کہ موجودہ دور میں تقریباً 50, 45 ہزار کے لگ بھگ ہے) کے برابر کوئی چیز نہ ہو وہ زکوٰۃ کا اصل حق دار ہے ، بشرطیکہ اور کوئی مانع نہ ہو (مثلاً یہ کہ وہ غیر مسلم ہو یا یہ کہ وہ سید ہووغیرہ)۔

جن افراد کا  ذکر سوال میں کیا ہے ان سے موٹی موٹی معلومات سے اگر یہ لگے کہ یہ افراد مذکورہ بالا ضابطہ  کے مطابق مستحق زکوٰۃ ہیں، تو ان کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں۔ ورنہ احتیاط کریں۔

2۔ زکوٰۃ میں زیادہ حق رشتہ داروں اور دینداروں کا ہے۔

3۔ ہسپتال، مدارس یا فلاحی اداروں میں زکوٰۃ دے سکتے ہیں البتہ دو باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے:

i۔ جس ادارے کو آپ زکوٰۃ دے رہے ہیں اس پر پوری تسلی ہو کہ وہ زکوٰۃ کی رقم میں خرد برد نہیں کریں گے۔

ii۔ ادارے والوں کو زکوٰۃ کے مصارف کا صحیح علم ہو تاکہ غیر مصرف میں زکوٰۃ کے استعمال ہونے کا خدشہ نہ رہے۔

4۔ مدرسہ میں دینا زیادہ بہتر ہے۔

5۔ گھر، موٹر سائیکل، فریج بنیادی ضروریات زندگی میں شامل ہیں، ان چیزوں کے علاوہ اگر اس کی ملکیت میں نمبر ایک کے تحت ذکر کردہ ضابطہ کے مطابق ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت نہیں تو آپ اسے زکوٰۃ دے سکتے ہیں، ورنہ نہیں۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved