• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

ضامن تکافل پلان سے فائدہ اٹھانا

استفتاء

حضرات مفتیان کرام مسئلہ ہذا کے بارے میں وضاحت فرمائیں

مسلم کمرشل بینک نے آدم جی لائف انشورنس کمپنی کے تعاون سے ایک پلان دیا ہے جس کا نام ضامن پلان (اسلامک) ہے جس میں شریک ہونے والے فرد کے لئے شرائط اور فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

1۔عمر کی حد 18 سے 70 سال

2۔پلان کی مدت دس سال

3۔سالانہ ادائیگی مثلا ایک لاکھ

4۔دوران پلان شراکت دار کو پانچویں سال دس فیصد، ساتویں سال بیس فیصد، اور دسویں سال تیس فیصد بونس ادا کیا جائے گا۔

5۔معینہ مدت  کے اختتام پر شراکت دار کو کمپنی کی طرف سے 50 فیصد بونس پیش کیا جائے گا جو اپنے بچے کی تعلیم یا بچی کی شادی کے اخراجات کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔

6۔دوران پلان شرکت دار کو حج سے متعلقہ حادثاتی سہولت مہیا کی جاتی ہے جس کی لاگت 20 لاکھ روپے ہے چاہے تو شراکت دار حج کے لئے جتنی دفعہ سفر کرے۔

7۔معینہ مدت پوری ہونے کے بعد شراکت دار کو اس کی رقم واپس کر دی جائے گی جو کہ اس نے اقساط کی صورت میں ادا کی تھی بشمول اس کو حاصل اختیارات کے ساتھ جو اس نے دوران پلان اختتام پر حاصل کیے۔

8۔پلان کی شروعات کے بعد اس کی مدت کے دوران کسی وقت شراکت دار کی موت کی صورت میں اس کی تمام اقساط کے برابررقم اس کے خاندان کو یعنی ورثاء کو ادا کی جائے گی اور موت کے بعد باقی ماندہ اقساط کا کفالہ کمپنی کرے گی اور معینہ مدت کے اختتام پر جو رقم شراکت دارکو ادا کی جانی تھی وہی رقم اس کے نہ ہونے کے بعد اس کے ورثاء کو ادا کردی جائے گی۔

9۔دوران مدت شراکت دار کی رقم کسی صورت میں پابند نہیں ہے اور وہ یہ رقم کسی وقت نکلوا سکتا ہے لیکن کمپنی کی شرائط و ضوابط کے ساتھ ۔مسئلہ کی وضاحت فرمائیں ،اصل پمفلٹ کی کاپی بھی ارسال خدمت ہے۔

وضاحت مطلوب ہےکہ  کیا یہ پلان تکافل کے نظام کے تحت ہے یا الگ سے ہے؟

جواب وضاحت :تکافل کے نظام کے تحت ہے

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

تکافل کا مروجہ نظام اگرچہ بعض حضرات کے نزدیک اسلامی ہے مگر ہماری تحقیق میں یہ نظام شرعاًدرست نہیں، لہذا اس سے فائدہ اٹھانا جائز نہیں ۔مزید تفصیل کے لیے دیکھیے ’’کیا تکافل کا نظام اسلامی ہے؟ ‘‘نامی مضمون  مشمولہ  کتاب جدید معاشی مسائل از۔ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحبؒ۔۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved