• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

ہسپتال کی تعمیر کے لیے زکوٰۃ کو حیلہ تملیک کے ساتھ استعمال کرنے کی گنجائش ہے یا نہیں؟

استفتاء

حضرت ہم جہاں رہتے ہیں وہ کشمیر کا پسماندہ علاقہ ہے جہاں بعض لوگ بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں، بالخصوص ہسپتال کے حوالے سے یہ عرض کرنا ہے کہ دور دراز تک کوئی ہسپتال نہیں، عورتوں کے گائنی کے متعلق کافی دشواریاں پیش آتی ہیں ۔ان حالات میں چند دوستوں نے مل کر یہ سوچا کہ یہاں ہسپتال کی صورت میں لوگوں کی مدد کی جائے چنانچہ الحمدللہ اس سلسلے میں زمین حاصل کر لی گئی ہے اور ابتدائی کام بھی شروع ہو گیا  ہے۔

مہنگائی کے اس دور میں اس جگہ جہاں میٹریل سے زیادہ کرایہ، مزدوروں پرخرچ آ رہا ہے تواس بارے میں عرض کرنا تھا کہ ہمیں بھی علم ہے زکوٰۃ براہِ راست ہسپتال پر نہیں لگ سکتی البتہ اگر تملیک کروا کر استعمال کریں تو اس بارے میں عرض کرنا تھا گنجائش کی صورت ہو تو ضرور بتا دیں اور ساتھ تملیک کا طریقہ بھی بتادیں ۔

نوٹ : اس کار خیر میں  تعاون کرنے والے حضرات کم ہی ہیں تاہم جو کرنا چاہتے ہیں وہ زکوٰۃ کی مد میں تعاون کرنا چاہتے ہیں ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اگر ہسپتال کی تعمیر اور دیگر اخراجات کا کوئی اور نظم نہ ہو یعنی نفلی صدقات و عطیات وغیرہ اور اس علاقہ میں اس نوعیت کے ہسپتال کی واقعی ضرورت ہوتو حیلہ تملیک کا سہارا لینا جائز ہے۔

حیلہ تملیک کا طریقہ کار: یہ ہے کہ ایک ایسا فقیر جو معاملے کی صورتحال سے واقف ہو اور مستحق زکوۃ بھی ہو تو اسے ضرورت کے مطابق رقم دی جائے اور وہ مستحق زکوۃ فقیر اپنی خوشی سے وہ رقم ہسپتال کے لیے دے دے پھر اس رقم سے ہسپتال کے اخراجات کا نظم کیا جائے۔ یاد رہے اگر وہ فقیر زکوۃ کی رقم لینے کے بعد واپس نہ کرے تو اس سے زبردستی    واپس لینا جائز نہیں۔

ہندیہ (1/188) میں ہے:

ولا يجوز أن يبني بالزكاة المسجد، وكذا القناطر والسقايات، وإصلاح الطرقات، وكري الأنهار والحج والجهاد وكل ‌ما ‌لا ‌تمليك ‌فيه.

بدائع الصنائع (2/175) میں ہے:

وأما ‌صدقة ‌التطوع فيجوز صرفها إلى الغني؛ لأنها تجري مجرى الهبة.

البحر الرائق (2/424) میں ہے:

والحيلة في الجواز ‌في ‌هذه ‌الأربعة أن يتصدق بمقدار زكاته على فقير ثم يأمره بعد ذلك بالصرف إلى هذه الوجوه فيكون لصاحب المال ثواب الزكاة وللفقير ثواب هذه القرب.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved