• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

ہنسی مذاق میں طلاق

استفتاء

پریشانی سے اپنے بڑ ےبیٹے کو مارا تھا اور وہ بھی مجھے مارنے لگا اور گالیاں دینے لگا۔ پھر میں تھوڑی دیر کے لیے خاموش ہو گیا اور میں نے اندر اندر سے توبہ کی تھی اپنے رب سے۔ اور یہی کہا تھا اپنی بیگم سے کہ "میں تمہیں طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں”۔ اور میری نیت طلاق کی نہیں تھی۔ یہ میں نے دل سے نہیں کہا تھا ویسے ہی مذاق میں کہہ دیا۔ مہربانی فرما کر اس کے بارے میں بتائیں کہ یہ طلاق ہوئی ہے یا نہیں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں تینوں طلاقیں واقع ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے نکاح مکمل ختم  ہو گیا ہے، اب نہ صلح ہو سکتی ہے اور نہ ہی رجوع کی گنجائش ہے۔

طلاق چاہے سنجیدگی میں دی جائے یا مذاق میں دی جائے واقع ہو جاتی ہے۔ حدیث پاک میں ہے:

ثلاث جدهن جد و هزلهن جد، النكاح و الطلاق و الرجوع.

تين چیز یں ایسی ہیں کہ ان کے واقع کرنے کا ارادہ ہو یا نہ ہو وہ نافذ ہو جاتی ہیں: (1) نکاح، (2) طلاق، (3) (ایک طلاق یا دو طلاق کے بعد) رجوع۔ (ترمذی شریف)

اسی طرح تین طلاقیں جب واقع ہو جائیں تو ان کے بعد صلح کی گنجائش نہیں رہتی۔

عن مجاهد قال كنت عند ابن عباس رضي الله عنه فجاءه رجل فقال إنه طلق امرأته ثلاثاً فسكت حتی ظننت أنه سيردها إليه فقال ينطلق أحدكم فيركب الأحموقة ثم يقول يا ابن عباس! يا ابن عباس! يا ابن عباس إن الله قال و من يتق الله يجعل له مخرجاً و أنك لم تتق الله فلا أجد لك مخرجاً

عصيت ربك و بانت منك امرأتك. (سنن أبي داؤد)

مجاہد رحمہ اللہ کہتے ہیں میں حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس تھا کہ ایک شخص ان کے پاس آیا اور یہ سوال کیا کہ میں نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دی ہیں۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے اس پر سکوت اختیار کیا۔ (ان کے شاگرد کہتے ہیں کہ) ہم نے خیال کیا کہ شاید وہ اس عورت کو واپس دلانا چاہتے ہیں، مگر حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ تم خود حماقت کا ارتکاب کرتے ہو اور پھر کہتے ہو اے ابن عباس! اے ابن عباس! اے ابن عباس!، بات یہ ہے کہ جو شخص خدا تعالیٰ سے نہ ڈرے تو اس کے لیے کوئی راہ نہیں نکل سکتی، جب تم نے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی ہے (کہ طلاق دینے کے پسندیدہ طریقے کو چھوڑ کر طلاق دینے کا غیر پسندیدہ طریقہ اختیار کیا) تو تمہارے لیے کوئی گنجائش ہی نہیں۔ تمہاری بیوی اب تم سے بالکل جدا ہو گئی۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved