• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

عدالتی خلع کے بعد دوسری جگہ نکاح

استفتاء

ایک ملازم پیشہ لڑکی کا رشتہ یہ بتا کر مانگا جاتا ہے کہ لڑکا تعلیم یافتہ ہے اور صاحب جائیداد مکان و پلاٹ کا مالک ہے، جبکہ شادی کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ لڑکا شادی شدہ ہے، معمولی تعلیم ہے، زمین مکان پلاٹ وغیرہ کچھ نہیں۔

ازدواجی زندگی کے دوران آدمی نے نان و نفقہ بھی صحیح طور پر ادا نہیں کیا اور گھر میں لڑائی جھگڑا رہنے لگا، جس پر عورت نے عدالت سے رجوع کر کے خلع کا دعویٰ دائر کر دیا جو رشتہ داروں کے بچ بچاؤ کی وجہ سے واپس لے لیا گیا، ساتھ ہی مرد سے بیانِ حلفی  لیا گیا کہ آئندہ اگر میں نے خرچہ گھر نہ دیا یا مار پیٹ لڑائی جھگڑا کیا تو میری بیوی قانونی کاروائی کی حق دار ہو گی۔ کچھ عرصہ بعد پھر وہی جھگڑا شروع ہو گیا اور ساتھ ہی بیوی پر بد کاری کا الزام بھی لگایا۔ اس لیے عورت نے دوبارہ عدالت میں خفیہ طور پر دعویٰ دائر کر دیا۔ عدالتی ڈگری کے تحت مصالحتی کونسل کو حکم دیا گیا کہ فریقین کا مؤقف سن کر صلح یا خلع کا حتمی فیصلہ جاری کرے، شوہر کو عدالتی نوٹس بھیجا گیا، لیکن وہ تاریخ پر حاضر نہ ہوا، جس کی بناء پر مصالحتی کونسل نے سات ماہ میں یکطرف کار وائی مکمل کر کے خلع کا حتمی فیصلہ کر دیا۔ اس کے بعد شوہر نے بذریعہ پنچائت صلح کی کوشش کی جو کہ فیصلہ خلع کی وجہ سے ناکام ہوئی۔

خلع کے حتمی فیصلہ کے بعد عدت پوری ہونے پر خاتون اپنے باپ اور معتبر گواہوں کی موجودگی میں نکاح ثانی کر لیتی ہے، جس کا باقاعدہ یونین کونسل میں اندراج  ہے، حق مہر بھی ادا کیا گیا ولیمہ بھی ہوا۔ کچھ عرصہ بعد عورت اپنے سابقہ شوہر کے ہاں اپنے بچوں کے پاس جانے لگی، پھر رفتہ رفتہ مستقل طور پر وہیں رہنے لگی۔ مذکورہ بالا صورت میں خلع اور نکاح ثانی کی شرعی حیثیت کیا ہے اور دوسرے خاوند کی اجازت کے بغیر بچوں کے پاس پہلے شوہر کے گھر رہنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

چونکہ طلاق نامہ (Divorce Certificate) پر سابقہ شوہر امجد اسلم کے دسخط موجود ہیں اس لیے یہ کہا جا سکتا ے کہ شوہر نے خلع کے فیصلے کو تسلیم کیا ہے۔ اور عورت کا دوسری جگہ نکاح درست ہے۔

بچوں سے ملاقات کے لیے جانا علیحدہ بات ہے لیکن شوہر کی اجازت کے بغیر ان کے پاس عارضی یا مستقل رہائش اختیار کرنا درست نہیں۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved