• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

دوسرے کی جگہ ڈیوٹی دینا

استفتاء

ایک عورت اور اس کا خاوند*** کے کسی علاقہ کے اسکول میں پڑھاتے تھے، خاوند کو تو اس سال ریٹائر منٹ مل گئی، البتہ بیوی کی نوکری ابھی جاری ہے، لیکن پچھلے سال جب وہ نوکری کر رہی تھیں، ***کی کسی لڑکی نے بوجہ غربت کے جو اسی سکول سے میٹرک پاس کیا تھا، اس نے اس عورت کی منت سماجت کی کہ وہ اس کو اپنی جگہ پڑھانے دیں جس سے وہ اپنی تنخواہ میں سے صرف 5000 روپے اس کو دے دیا کریں اور اس استانی عورت کے بچے چونکہ*** میں رہتے ہیں۔ لہذا وہ اور اس کا خاوند اب دونوں** شفٹ ہو گئے ہیں اور مستقل سکونت اختیار کر لی ہے۔ اور اس عورت کو ہر مہینے وہ لڑکی جو ان کی جگہ پڑھا رہی ہے، تنخواہ میں 5000 روپے کاٹ کر باقی تنخواہ اس عورت کو ل*** بھیج دیتی ہے۔

مفتی صاحب سائلہ کو ہی بتا دیجئے کہ کیا اس عورت کو جو باقی تنخواہ میں سے پیسے ملتے ہیں۔ کیا یہ اس کے لیے لینا جائز ہیں یا نہیں؟ اور اس کے علاوہ پڑھانے کے علاوہ اگر کہیں اور ڈیوٹی لگے جیسے آج کل گورنمنٹ ٹیچرز کی ڈیوٹی الیکشن میں لگنی تھی تو وہ اپنی اس ڈیوٹی کو پورا کرنے کے لیے*** پہنچ گئی تھی۔ اور مفتی صاحب مجھے یہ مسئلہ جلدی بتا دیجیے گا، کیونکہ میرے والدین کا ارادہ ان کے بیٹے سے نسبت طے کرنے کا ہے، لڑکے کے والدین بار بار جواب طلب کر رہے ہیں اور میرے والدین اس وجہ سے رکے ہوئے ہیں کہ تاکہ ہمیں پتہ چل جائے کہ لڑکے کی والدہ کی یہ کمائی حرام یا پھر حلال؟ اور ان کو جلد از جلد ہاں یانہیں کا جواب دیا جائے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ویسے تو اجارے کی یہ صورت جائز ہے کہ زید جو مثلاً کسی سرکاری یا غیر سرکاری ادارے کا ملازم ہو وہ اپنی ڈیوٹی کسی دوسرے شخص کو دلوا دے بشرطیکہ دوسرے شخص میں اس ڈیوٹی کو نبھانے کی صلاحیت و اہلیت موجود ہو، لیکن ہمارے ہاں ادارے خواہ سرکاری ہوں یا غیر سرکاری وہ اس کی اجازت نہیں دیتے اور جو آپس میں طے ہو جائے اس کی خلاف ورزی جائز نہیں۔

مذکورہ صورت اس اعتبار سے کہ ایک ضرورتمند عورت کو روز گار ملتا ہے، اچھی بات ہے، لیکن معاملے کی رو سے یہ طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ آپ کا معاملہ چونکہ رشتہ کرنے نہ کرنے سے تعلق رکھتا ہے اس لیے ہمارے اتنے جواب کی روشنی میں آپ اپنے دل کو دیکھ لیجیے، اگر دل کرے تو کر لیجیے، نہ کرے تو نہ کیجیے۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved