• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

جادو کی اثر کی وجہ سے بیوی کو طلاق دینا

استفتاء

میرا نام *** ہے، جناب مفتی صاحب میں  اللہ کو حاضر ناظر جان کر لکھ رہا ہوں  جس کے پاس سب نے اپنے اعمال  کے ساتھ جانا ہے، اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتے ہیں : جب انسان میں جنات (ہوائی) چیز داخل ہو جاتی ہیں، تو شکل انسان کی رہتی ہے، حرکتیں آوازیں ان کی ہوتی ہیں۔

مجھ پر کسی نے جان لیوا جادو کیا، اور چیزوں کے زور، خوف، اور اپنی زبان سے  طلاق والے 3 لفظ نکلوائے، کبھی میرا گلہ دباتے، کبھی مجھ سے کفر والی باتیں نکلواتے، میرا دماغ خراب کر دیا تھا، میں اللہ تعالیٰ کو جان کر کہتا ہوں یہ سب گند بلا میرے منہ سے نکلوایا، ایک مرتبہ مجھے ریلوے اسٹیشن لے گئے، میں پٹری لائن پر کھڑا تھا، ٹرین بہت تیزی سے آ رہی تھی، مجھے کچھ پتہ نہیں چل رہا تھا، تقریباً 50 فٹ ٹرین دور تھی، ایک اللہ کے بندے نے میرے منہ پر تھپڑ مارا اور گھسیٹ کر پھنیک دیا، اور بولا تمہیں پتہ  ہےتم کیا کرنے والے تھے، اللہ تعالیٰ جانتا ہے جنات چیزوں نے میرا جینا کیا مرنا حرام کر رکھا تھا، ایک بار شکر گڑھ لے گئے آدھی رات کو واپس لے آئے، پھر قصور لے گئے، موبائل توڑ کر پھینک دیا، سم توڑ کر پھینک دی، نہ بچے اچھے لگتے نہ بیوی، کچھ بھی نہیں اچھا لگتا تھا، بالکل مرا ہوا پاگل بنا ہوا تھا، اچھا بھلا نمازی پرہیز گار تھا، ہماری میاں بیوی میں جتنی محبت تھی جتنا آپ سوچیں اتنی کم ہے، میری بیوی حمل سے تھی، 4 ماہ کا بچہ پیٹ میں تھا، سب کہتے خدا سے ڈرو، یہ بے ہودا حرکتیں چھوڑو، اللہ تعالیٰ جانتا تھا میرے اپنے بس کی بات نہیں تھی، ہر انسان نے اپنی قبر میں جانا ہے، میرے سسر حکمت دم جھاڑا جانتے ہیں وہ میرے سالوں اور ساس سے کہتے گھبراؤ نہیں اس پر جادو کیا گیا ہے اور اس کے اندر شیطاننی ہے، اس حال میں طلاق نہیں ہوتی، یہ پاگل ہے، اس کا ذہن ٹھیک نہیں، اس کے ہوش حواس درست نہیں ہیں، سالے گالی نکالتے تو میری بیوی اور سسر کہتے ہیں خدا کے لیے اسے کچھ مت کہو یہ مجبور ہے اس کا زبردست روحانی علاج کی ضرورت ہے، نفسیاتی سپیشلسٹ ڈاکٹروں کو بھی دکھا رکھا ہے، وہ کہتے ہیں یہ خود مرا ہوا ہے، اس نے کیا طلاق دینی ہے،

مفتی صاحب میں ڈاکٹر کا علاج کروا رہا ہوں اور درود پاک کے ورد و برکات سے ٹھیک ہو رہا ہوں، اس سارے معاملے کو ابھی ڈیڑھ ماہ گذرا ہے۔ یہ *** کی تحریر ہے، میری تین بیٹیاں معصوم ہیں، آپ کی مہربانی فتویٰ دیں اللہ تعالیٰ آپ کو نبی پاک کی زیارت نصیب فرمائے۔ اب میں تقریباً 50 فیصد ٹھیک ہوں، میرا علاج جاری ہے۔

بیوی کا بیان

السلام علیکم: میں ان کی بیوی گواہی دیتی ہوں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر یہ تحریر میں اپنے بھائیوں اور اپنی امی کے سامنے بیٹھ کر لکھ  رہی ہوں، آپ کی مہربانی فتویٰ دیں میں آپ کو نمازوں کی دعاؤں میں یاد رکھوں گی، میرے شوہر نے جو کچھ لکھا ہے اللہ جانتے ہیں بالکل سچ ہے، ہم سب نے اللہ تعالیٰ کی طرف جانا ہے، جلدی فتویٰ دیں، میرے ابو فوت ہو گئے ہیں، اسی ٹینشن سے میری امی شوگر، بلڈ پریشر کی مریض ہیں، بہت جلد فتویٰ دیں، وہ کرائے پہ رہتے ہیں، میرے شوہر کا اپنا گھر ہے، میں ان سے رجوع کرنا چاہتی ہوں، مجھے اپنے شوہر سے کوئی گلہ شکوہ نہیں، میں نے ان کو معاف کیا، یہ  بہت فراخ دل، اور نیک اچھے انسان ہیں، جادو والی چیزوں کے اثرات بہت کم ہو گئے ہیں علاج کروانے سے۔ ہم دونوں نے  خدا پر یقین کر کے سب کچھ سچ لکھا ہے، آپ کی بیٹی بیٹوں جیسے ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کے درجات کو بلند فرمائیں، ہمیں اس مشکل سے نکالیں، فتویٰ دیں۔ آپ کے فتویٰ کی منتظر *** کی بیوی صبیحہ۔

سوال

لہذا مفتی صاحب سوال یہ ہے کہ جس آدمی پر  سحر ہو گیا ہو اور اس کی ساری حرکات و سکنات اس کے قابو میں نہ ہو تو اس صورت میں اگر اس نے بیوی کو تین طلاق دے دی، تو کیا واقع ہو جائیں گی؟ اس *** کا روحانی علاج بھی  کروایا گیا ہے اور میڈیکل علاج بھی ہوا ہے، جو دماغی امراض کے ڈاکٹر سے کروایا ہے، میڈیکل رپورٹ میں فتویٰ کے ساتھ اٹیچ کر رہا ہوں، یہ ساری باتیں جو لکھی گئی ہیں وہ اللہ کو حاضر و ناظر جان کر لکھی گئی ہیں، برائے مہربانی صورت مسئولہ کے بارے میں فتویٰ صادر فرمائیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اگر واقعتاً شوہر نے جنات اور جادو کے اثر کی وجہ سے تین طلاقیں کہی ہیں اور اس کا اپنا اختیار اور ارادہ شامل نہ تھا، تو ایسی صورتِ حال میں دی گئی طلاق معتبر نہیں۔

و من سحر فبلغ به السحر أن لا يعلم ما يقول فلا طلاق له. (مختصر الفتاوی المصرية. ابن تيمية: 544) فقط و الله تعالی أعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved