• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

بغیر رضا مندی کے ملازم کے کمیشن میں کمی

استفتاء

ملازم اور مالک کے درمیان معاہدہ ہوا کہ مالک کاروبار میں منافع جو بھی ہوگا سارے کاروباری اخراجات کے بعد اس کا 15 فیصد کمیشن ملازم کو دے گا، اور مالک کافی سال اس طرح ادا کرتا رہا۔ اطلاع ملنے پر ملازم کو پتہ چلا کہ مالک نے بغیر ملازم کی رضا مندی کے کمیشن کو 10 فیصد کر دیا ہے  جس کا علم ملازم کو کافی عرصہ نہ تھا۔ ملازم نے مالک سے مطالبہ کیا تو مالک نے 15 فیصد دینے سے انکار کر دیا۔

اس کے علاوہ پہلے معاہدہ یہ تھا کہ اوپر بیان کردہ معاہدے کے مطابق 15 فیصد کمیشن پورا ملے گا، اس میں کسی قسم کے ٹیکس کی کٹوتی نہیں ہو گی، کیونکہ اس منافع پر گورنمنٹ کا کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوتا ہے۔ لیکن مالک نے بغیر رضا مندی اور بغیر اطلاع کے 32 فیصد ٹیکس بھی کاٹ لیا، اطلاع ملنے پر ملازم نے مطالبہ کیا تو مالک نے انکار کر دیا۔ پہلے کافی سال پورا کمیشن ملتا رہا۔

1۔ کیا مالک کے 15 فیصد سے 10 فیصد کمیشن کرنا یعنی 5 فیصد بغیر رضا مندی کے کاٹنا جائز ہے یا ناجائز؟ کیا ملازم 5 فیصد جو کم دیا گیا اس کا مطالبہ کر سکتا ہے؟

2۔ کیا مالک کا 32 فیصد ٹیکس کاٹنا جائز ہے یا ناجائز جبکہ گورنمنٹ کا کوئی ٹیکس لاگو نہیں۔ کیا ملازم 32 فیصد ٹیکس کا مطالبہ کر سکتا ہے؟

وضاحت: 1۔ 32 فیصد ٹیکس کے حوالہ سے وضاحت یہ ہے کہ در اصل اس کاروبار پر 32 فیصد کی شرح سے ٹیکس بنتا ہے مگر وہ ٹیکس گورنمنٹ کو فی الحال ادا نہیں کیا جا رہا، لہذا مالک کا کہنا ہے کہ چونکہ 32 فیصد گورنمنٹ کا ٹیکس بنتا ہے اور وہ معاہدے کی رُو سے کاٹنا ہمارا حق بنتا ہے۔ جبکہ ہم کہتے ہیں کہ اگر 32 فیصد گورنمنٹ کو ادا کرتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہے، ورنہ آپ اسے تقسیم کریں۔

2۔ ہمارا معاہدہ زبانی تھا تحریری نہیں تھا۔

3۔ کمیشن کی شرح 15 فیصد سے 10 فیصد کرنے کی مالک نے صرف یہ وجہ بتائی ہے کہ 5 فیصد بجائے آپ کے تمام ملازمین میں تقسیم ہو گا۔ اس کے علاوہ کوئی وجہ نہیں بتائی۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ ایک دفعہ 15 فیصد کمیشن طے ہو جانے کے بعد ملازم کی اطلاع اور رضامندی کے بغیر یکطرفہ اسے کم کر کے 10 فیصد کر دینا جائز نہیں۔ لہذا ملازم اس کمی کا مطالبہ کر سکتا ہے۔

2۔ معاہدے میں کاروباری اخراجات نکالنے کے بعد منافع کا 15 فیصد کمیشن دینا طے ہوا ہے۔ جب مالک ادا نہیں کر رہا تو اسے اخراجات میں شامل کرنا درست نہیں۔ لہذا ملازم 32 فیصد میں اپنے حصے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved