• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

نا فرمان بیوی پر اللہ کی لعنت

استفتاء

ایک ضروری سوال شوہر اور بیوی کے جسمانی تعلق کے بارے میں پوچھنا ہے۔ سوال کچھ اس طرح ہے کہ *** کی بیوی اس کے ہمبستری کے لیے بلانے پر وقت پر نہیں آتی، اپنے کام کر کے آتی ہے، پھر جب اس کے پاس بیٹھتی ہے تو نیند سے آنکھیں بند ہونے لگتی ہیں، جس کو دیکھ کر *** کو بہت بُرا لگتا ہے وہ اس سے ہمبستر نہیں ہوتا اور اس کو بیوی پر غصہ بھی آنا شروع ہو جاتا ہے، کبھی ناراض بھی ہو جاتا ہے اور بول چال بھی بہت ضروری حد تک رکھتا ہے، کبھی بیوی کے جسم سے بو آ رہی ہوتی ہے جس پر *** چاہتے ہوئے بھی اس سے قریپ نہیں کرتا، کبھی بیوی ہمبستری کے لیے اس طرح پاس آتی ہے کہ اس نے صبح کو نہانا ہے تو وہ آ جاتی ہے تاکہ ایک ہی غسل ہو جائے، اس میں بیوی کی غرض یعنی اس کا نہانا شامل ہوتا ہے نہ کہ شوہر کی طلب کو پورا کرنا، اس پر *** کبھی کبھی یہ کہہ بھی دیتا ہے کہ "میرے بلانے پر چونکہ تم نہیں آئی، تم پر اللہ تعالیٰ کی لعنت پڑ رہی ہے”۔ اس پر بیوی یہ کہتی ہے کہ "میں تو آئی تھی، آپ ہی نے کچھ نہیں کیا”۔ بیوی کسی طرح اپنے آپ کو قصور وار نہیں مانتی۔

حقیقت یہ ہے کہ جس طرح *** چاہتا ہے اس کی بیوی ہمبستری کے لیے تیار نہیں ہوتی، ساس کا کام، بچوں کا کام، یہاں تک کہ جیٹھ کا بھی کام لیکن کام اگر نہیں ہو گا تو شوہر کا یا پھر شوہر کے کام میں دیر لگاتی ہے، جس پر وہ غصہ ہوتا ہے، لیکن بیوی پر اس بات کا کوئی اثر نہیں، *** نے اپنے ساس سسر سے بھی شکایت کی اور انہوں نے بھی *** کی بیوی کو یعنی اپنی بیٹی کو کافی سمجھایا لیکن  اس کی سمجھ میں نہیں آتا۔

کئی دفعہ ایسا ہوا کہ *** نے بیوی سے ہمبستری کی خواہش کی لیکن اس کے دیر کرنے، نیند سے بند ہوتی آنکھوں کی حالت میں آنے سے *** کو غصہ چڑھ جاتا ہے اور وہ ارادہ ترک کر دیتا ہے، اور اس غصہ کی وجہ سے وہ پھر غلط طرف لگ جاتا ہے جیسے غلط قسم کی فلمیں دیکھنا اور پھر مشت زنی کرتا ہے، وہ کہتا ہے کہ "میں نے بہت صبر کیا لیکن میری بیوی کی وجہ سے اس کام میں دوبارہ پڑ جاتا ہوں”۔ وہ توبہ کرتا ہے کہ آئندہ نہیں کروں گا مگر بیوی اس کا ساتھ نہیں دیتی اور جب وہ اس کام میں پڑ جاتا ہے تو پھر کئی دن مبتلا رہتا ہے کیونکہ اس کو بیوی پر غصہ ہوتا ہے۔

سوال یہ ہے کہ اس کی بیوی پر اللہ جل شانہ  کی لعنت پڑ رہی ہے؟ کیا وہ گناہ گار ہے؟ کیا وہ *** کے غلط طرف جانے کی ذمہ دار یا پھر وجہ ہے؟ *** اور اس کی بیوی کے لیے نصیحت بھی فرمائیں تاکہ ان دونوں کی زندگی صحیح طرح گذرے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

اس کے لیے پہلے  تو یہ دیکھئے کہ بیوی ایسا کیوں کرتی ہے؟ کیا گھر کے کام زیادہ ہیں یا یہ عمل اس کو پسند نہیں ہے؟ یا شوہر کا رویہ اس کے ساتھ خوش دلانہ نہیں ہے؟ کیا شروع دن سے عورت کا رویہ ایسا ہے یا بعد میں ایسا ہونے لگا؟ کیا گھر کے کاموں میں شوہر اس کے ساتھ تعاون کرتا ہے یا ہمدردانہ رویہ رکھتا ہے؟ کیا شوہر بیوی میں اس عمل کی رغبت پیدا کرتا ہے یا نہیں؟ غرض یہ باتیں زیادہ اہم ہیں۔ لعنت پڑنا یا گناہگار ہونا یہ اللہ بہتر جانتے ہیں۔ ہم کسی خاص شخص کے بارے میں یہ حکم نہیں لگا سکتے۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved