• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

دوائی میں متعینہ مقدار سے کم یا زیادہ کیمیکل ڈالنا

استفتاء

ہماری کمپنی جانوروں کی دوائیاں بناتی ہے، جس میں ایک دوائی جانوروں سے دودھ نکالنے کے لیے استعمال ہوتی ہے، اس دوائی کے اندر ایک کیمیکل ڈالا جاتا ہے جو کہ جانوروں سے جلدی دودھ نکالنے میں اس دوائی کو موثر بناتا ہے، حکومت نے قانون بنایا ہے کہ اس دوائی میں فلاں کیمیکل کی اتنی مقدار ڈالی جائے، یہ بات مد نظر رہے کہ اتنی مقدار کا جانوروں کے فائدے اور نقصان سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ حکومت نے جو متعین مقدار طے کی ہے وہ صرف اس لیے ہے کہ دوائی بنانے میں پانی کی مقدار زیادہ کم ہو جاتی ہے اس کی کمی زیادتی کو برابر کرنے کے لیے یہ مقدار طے کی گئی ہے۔

چنانچہ جو مقدار حکومت کی طرف سے مقرر تھی اس سے کم یا زیادہ متعین کیمیکل ڈالنے سے بھی دوا موثر ہو جاتی ہے، پہلے تو ہم بے دھڑک ڈالتے تھے لیکن اب ہم قانون کے مطابق جو طے شدہ متعین مقدار ہے اتنی ہی ڈالتے ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ پہلے تو ہم کو کچھ نفع ہو جاتا تھا، لیکن اب ڈالر کی روپے کے ساتھ شرح کم ہونے کی وجہ سے اب نفع نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، مزید براں یہ کہ لوگ جو مارکیٹ میں ہمارے مقابل ہیں وہ کیمیکل کم ڈال کر دوائی سستی بیچ کر نفع لے رہے ہیں جبکہ ہم قانون کی پاسداری کرنے کی وجہ سے کیمیکل کی متعین مقدار ڈال کر سستی نہیں بیچ سکتے، بلکہ ان کے مقابلے میں مہنگی ہوتی ہے۔

دوسرا سوال یہ ہے کہ بعض اوقات ہمیں حکومت کی طے شدہ مقدار سے زیادہ ڈالنا پڑتا ہے جس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ سندھ کے جانوروں کے لیے دوائی میں موجود کیمیکل 110 فیصد کے بجائے 130 فیصد ڈالنا پڑتا ہے، کیونکہ وہ جانور عادی ہو گئے ہیں کہ وہ 130 فیصد والے اس کیمیکل کے ساتھ بنائی گئی دوائی کے ٹیکے سے دودھ اتارتے ہیں اب اگر کم مقدار میں وہ کیمیکل ڈالا جائے تو ان جانوروں کے لیے وہ دوائی غیر موثر ہو جاتی ہے۔

پوچھنا یہ ہے کہ کیا ہم حکومت کے قانون کے مطابق طے شدہ متعین مقدار کا کیمیکل ڈالیں یا پھر کسی مجبوری کی وجہ سے اس سے کم یا زیادہ بھی ڈال سکتے ہیں؟ جبکہ ہمیں متعین مقدار ڈالنے کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے۔

وضاحت مطلوب ہے: 1۔ اس دوا سے متعلق اور اس کی مقدار سے متعلق تفصیل نیٹ سے اتار کر بھیجیں۔

2۔ جو دوا آپ تیار کرتے ہیں کیا اس پر لکھنا ہوتا ہے کہ کتنی مقدار ہے؟

جواب: 1۔ حکومت کی طرف سے سو فیصد اس کیمیکل کو ڈالنا لازمی ہوتا ہے اور کچھ تفصیل  ممکنہ حد تک موصول ہوئی ساتھ لف ہے۔  البتہ کمپنی کی کوئی ایسی ویب سائٹ نہیں جہاں دوائی سے متعلقہ معلومات رکھی ہوں۔

2۔ لکھتے بھی نہیں اور لکھنا لازمی بھی نہیں ہوتا، کیونکہ یہ unofficial  ہوتا ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

حکومت نے جب یہ قانون دیا ہے کہ دوا میں مخصوص مقدار میں کیمیکل ڈالنا ضروری ہے تو کیمیکل کی اتنی ہی مقدار ڈالی جائے کم و بیش نہ ہو۔ آپ لوگ اس بات کی تشہیر کریں کہ آپ لوگ حکومتی ہدایت کے بقدر کیمیکل ڈالتے ہیں۔ آہستہ آہستہ لوگ آپ پر اعتماد کر کے آپ سے مال خریدیں گے۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved