• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

شیعہ سے شادی

استفتاء

میری ہمشیرہ کی شادی ہوئی ہے ابھی کچھ دن پہلے ،جس لڑکے سے ہوئی ہے اس کے بارے میں لوگ کہتے ہیں کہ یہ اہل تشیع ہیں ان کے والد صاحب بھی شیعہ تھے وہ اب اس دنیا میں نہیں ہیں اب ان کی اولاد کہتی ہے کہ ہم سنی ہیں لیکن لڑکا اور فیملی امام بارگاہ میں بھی جاتے ہیں (رہتے سیالکوٹ میں ہیں لیکن امام بارگاہ بلوچستان جاتے ہیں) اور ماتم کو مانتے ہیں ،کہتے ہیں کہ نعوذ بااللہ حضرت محمد ﷺ نے بھی ماتم کیا تھا جب حضرت حمزہ ؓ شہید ہوئے تھے ، حضرت عائشہ ؓنے بھی اپنے چہرے پر ماتم کیا تھا۔  حضرت علی ؓ کو افضل سمجھتے ہیں ،یعنی کافی عقائد شیعہ والے ہیں ۔حضرت معاویہ ؓ کو برا بھلا کہتے ہیں ۔منگنی میں بھی کچھ رسمیں ان کی شیعہ والی تھیں اور یہ بھی کہتےہیں کہ میں’’ بندہ علی‘‘ ہوں ، شیعہ ذاکر کو سنتا ہے ۔ نماز ہماری طرح پڑھتے ہیں(لیکن اب پتا چلا کہ تقیہ کرتے ہیں ) لڑکے سے تقیہ کے بارے میں پوچھا ہے کہ کیا یہ جائز ہے ؟ کوئی جواب نہیں۔لڑکی کہتی ہے کہ شادی سے پہلے نعوذبااللہ یہ لڑکا صحابہ کرام ؓ کو بھی گالیاں دیتا تھا۔ اب شادی کے بعد ہم نے لڑکی کو کہا ہے کہ لڑکے سے کچھ باتوں کی معلومات لو،جیسے کہ لڑکا کہتا ہے کہ میں’’ بندہ علی‘‘ ہوں ،اس کا کیا مطلب ہے ؟ اور بھی بہت سی باتیں ہیں لیکن اب لڑکی کچھ پوچھتی نہیں ہے اب پتا نہیں کیا ہوا ہے لڑکی کو۔کیا یہ عقائد شیعہ والے ہیں ؟ کیا یہ لڑکا شیعہ ہے؟۔اگر شیعہ ہے تو نکاح ہوا ہے یا نہیں؟

وضاحت مطلوب ہے:

  • شادی کیسے ہوئی ہے؟ لو میرج یا ارینج میرج۔
  • کیا لڑکی اس شادی سے مطمئن ہے؟
  • آپ کے والدین کا اس سلسلے میں کیا موقف ہے؟

وضاحت: شادی خاندان کے بڑوں کی مرضی سے ہوئی ،ارینج میرج۔لڑکی بالکل راضی نہیں  تھی ،گھر والوں کو بتاتی تھی کہ یہ لڑکا صحابہ کرام کو نعوذ باللہ گالیاں دیتا ہے ،برا بھلا کہتا ہے ۔لڑ کی مطمئن تو نہیں ہے ،ابھی 33 دن ہوئے ہیں ۔ ابھی اس لڑکے سے اس بارے میں  کچھ بات کرنے کو راضی نہیں ۔کہتے ہیں اگر اہل تشیع ہوا لڑکا تو پھر کریں گے کچھ۔

وضاحت مطلوب ہے:جب لڑکی اور اس کے گھر والوں کو لڑکے اور اس کی فیملی کے خیالات کا شادی سے پہلے علم ہو گیا تھا تو پھر لڑکی اور اس کے گھر والوں نے شادی کیوں کی؟ لڑکے اور اس کی فیملی کے خیالات کو دیکھتے ہوئے لڑکی اور اس کے والدین آئندہ کے لیے کیا سوچ رہے ہیں اور ہم سے کیا پوچھنا چاہتے ہیں؟۔

جواب وضاحت : ایک تو خاندان کے بڑوں کی وجہ سے ،اور دوسرا لڑکے والے کہتے تھے کہ ہم سنی ہیںؓ شیعہ نہیں ہیں۔

فیملی والے کہتے تھے کہ اگر اہل تشیع ہے تو ہم کوئی ایکشن لیتے ہیں پھر قریبی مدرسہ سے پوچھا ہے وہ  کہتے ہیں کہ نکاح نہیں ہوا۔ اب تحریری فتوی چاہتے ہیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

  • مذکورہ باتیں عموما ً اہل تشیع کی ہوتی ہیں ۔
  • بظاہر یہ لڑکا شیعہ ہے۔
  • اگر یہ لڑکا تحریف قرآن کا قائل ہے یا حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کی صحابیت کا منکر ہے یاحضرت عائشہ رضی اللہ عنہ پر تہمت کا قائل ہے یااور کوئی کفریہ عقیدہ رکھتا ہے تو مذکورہ نکاح نہیں ہوا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved