- فتوی نمبر: 33-86
- تاریخ: 22 اپریل 2025
- عنوانات: حظر و اباحت > گناہ میں تعاون
استفتاء
ہم اسلامک پوسٹ شئیر کرتے ہیں اور عمومی ہیش ٹیگ (Hashtag) استعمال کرتے ہیں تاکہ پوسٹ وائرل ہو مثلا viralphoto#(ہیش ٹیگ وائرل فوٹو) todayphoto# (ہیش ٹیگ ٹوڈے فوٹو)۔کچھ لوگ غلط پوسٹ کرتے ہیں مثلا فلم اور گانا وغیرہ اور وہ بھی اسی طرح کا ہیش ٹیگ استعمال کر تے ہیں۔جس کی وجہ سے ہماری پوسٹ پر لگے ہیش ٹیگ کو دبانے کی وجہ سے ان کی پوسٹس سامنے آ سکتی ہیں۔
سوال یہ ہے کہ ہماری پوسٹ پر لگے ہوئے ہیش ٹیگ پر اگر کوئی کلک کرے اور اس کے نیچے والی پوسٹ پر گانا اور فلم وغیرہ چل جائے تو اس کا گناہ اسلامی پوسٹ کرنے والے کو تو نہیں ہوگا ؟
تنقیح: ہیش ٹیگ (Hashtag) سوشل میڈیا پر استعمال ہونے والا ایک لفظ یا جملہ ہوتا ہے جس سے پہلے # کا نشان ہوتا ہے، جیسے #اسلام یا #تعلیم۔
یہ اس لیے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ کسی خاص موضوع، خبر یا مہم کو تلاش کرنا آسان ہو جائے۔ ہیش ٹیگ پر کلک کرنے سے وہ تمام پوسٹس نظر آتی ہیں جن میں وہ ہیش ٹیگ استعمال ہوا ہو۔یہ بالکل ایسے ہے جیسے ایک موضوع کے تحت ساری باتیں جمع کر دی جائیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں اسلامک پوسٹ کے لئے عمومی ہیش ٹیگ استعمال کرنے والا گناہ گار نہ ہوگا۔
توجیہ:مذکورہ صورت میں عمومی ہیش ٹیگ کا استعمال پوسٹ کو وائرل کرنے کے لئے ہےاورعمومی ہیش ٹیگ کے تحت ناجائز پوسٹس کا آنا یقینی نہیں بلکہ اس کے تحت جائز وناجائز دونوں طرح کی پوسٹس آسکتی ہیں،نیز ناجائز پوسٹس کے آنے کی صورت میں بھی تلاش کرنے والے کاان کو دیکھنا یقینی نہیں لہذا پوسٹ میں عمومی ہیش ٹیگ استعمال کرنے سے اعانت علی المعصیت کا تحقق یقینی نہیں ہے۔
نوٹ: یہ جواب اس صورت میں ہے کہ جب اسلامک پوسٹ کسی ناجائز عنصر مثلاً جاندار کی تصویر /ویڈیو یا میوزک پر مشتمل نہ ہو کیونکہ ہماری تحقیق میں ایسی پوسٹ کا بنانا اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا ہی درست نہیں۔
الجوہرۃ النیرۃ (2/ 286) میں ہے:
«قوله (ويكره بيع السلاح في أيام الفتنة) معناه ممن يعرف أنه من أهل الفتنة كالخوارج والبغاة لأن في ذلك معونة علينا وإن كان لا يعرف أنه من أهل الفتنة فلا بأس»
شرح مختصر الطحاوی للجصاص (8/ 560) میں ہے:
«قال: (وكره بيع السلاح من أهل الفتنة، وفي عساكر الفتنة، ولا بأس ببيعه في الأمصار، وممن لا نعرفه من أهل الفتنة)»
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved