• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

شوہر نے وقفے وقفے سے تین طلاقیں دے دیں، کیا رجوع ہوسکتا ہے؟

استفتاء

میری شادی کو 6 سال ہوگئے ہیں۔ میرے شوہر نے مجھے میرے پہلے بیٹے کی پیدائش کے بعد ایک مرتبہ طلاق دی تھی، جس کے بعد ایام سے پہلے ہم نے رجوع کرلیا تھا۔پھر ڈیڑھ سال بعد دوسری طلاق دی جس میں ہم نے پھر ایام سے  پہلے رجوع کرلیا۔اب تقریبا 3 سال بعد انہوں نے پھر سے طلاق دی اور پھر 4 گھنٹے بعد یہ بھی کہا کہ ’’میری طرف سے تم فارغ ہو، میں تمہیں نہیں رکھوں گا‘‘ تو تینوں طلاقیں ہوچکی ہیں یا رجوع کا کوئی راستہ ہے؟  میرے 3 تین بچے ہیں۔

وضاحت مطلوب ہے کہ: طلاق دیتے وقت کیا الفاظ استعمال کیے تھے؟

جوابِ وضاحت: ’’طلاق دیتا ہوں‘‘

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں بیوی کے بیان کے مطابق تینوں طلاقیں واقع ہوچکی ہیں جن کی وجہ سے بیوی شوہر پر حرام ہوچکی ہے لہٰذا اب نہ رجوع ہوسکتا ہے اور نہ صلح کی گنجائش ہے۔

توجیہ: مذکورہ صورت میں پہلے بیٹے کی پیدائش کے بعد جب شوہر نے کہا کہ ’’طلاق دیتا ہوں‘‘ تو یہ جملہ چونکہ طلاق کے لیے صریح ہے اس لیے اس سے ایک رجعی طلاق واقع ہوئی۔ اس کے بعد چونکہ عدت کے اندر رجوع ہوگیا تھا اس لیے نکاح قائم رہا لیکن طلاق شمار میں رہی کیونکہ طلاق سے رجوع کرنے کے بعد طلاق کا اثر تو ختم ہوجاتا ہے لیکن وہ طلاق شمار میں رہتی ہے۔ پھر اس کے ڈیڑھ سال بعد جب دوبارہ شوہر نے کہا کہ ’’طلاق دیتا ہوں‘‘ تو اس سے دوسری رجعی طلاق واقع ہوئی۔ اس کے بعد بھی عدت کے اندر رجوع ہوگیا تھا اس لیے نکاح قائم رہا۔ پھر اس کے تقریبا تین سال بعد شوہر نے بیوی کو جب یہ کہا کہ ’’طلاق دیتا ہوں‘‘ تو اس سے تیسری طلاق بھی واقع ہوگئی۔

در مختار (4/443) میں ہے:

(صريحه ما لم يستعمل إلا فيه) ولو بالفارسية (كطلقتك وأنت طالق ومطلقة)….. (يقع بها) أي بهذه الألفاظ وما بمعناها من الصريح، ….. (واحدة رجعية…..

بدائع الصنائع (3/ 283) میں ہے:

أما الطلاق الرجعي فالحكم الأصلي له هو نقصان العدد

بدائع الصنائع (3/295) میں ہے:

وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر لقوله عز وجل {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره}

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved