- فتوی نمبر: 34-127
- تاریخ: 07 دسمبر 2025
- عنوانات: حظر و اباحت > متفرقات حظر و اباحت
استفتاء
نر مرغ کے دبر میں ذکر ہوتا ہے اسے مالش کرتے ہیں یا مادہ پر بٹھاتے ہیں وہ معمولی باہر نکلتا ہے جس سے مادہ منویہ کا خروج ہوتا ہے اور اس مادہ کو کسی چیز میں محفوظ کرتے ہیں اسی مادہ منویہ کو کسی انجکشن کے ذریعہ مادہ کے رحم تک پہنچاتے ہیں جس سے وہ انڈے دینے لگتی ہے۔کیا جانور کی منی حاصل کرنے لیے انسان اس کا استمناء بالید کرسکتا ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں بہتر یہ ہے کہ انسان اپنا ہاتھ استعمال نہ کرے بلکہ اسے مادہ پر بٹھا دے یا کسی مشین وغیرہ سے مرغ کی منی خارج کروا دے لیکن اگر اپنے ہاتھ سے مرغ کے عضو تناسل کو حرکت دے کر مادہ منویہ خارج کرواتا ہے تو اس کی بھی گنجائش ہے۔
توجیہ: اگرچہ احادیث میں انسان کے اپنے استمناء بالید کے بارے میں ممانعت آئی ہے لیکن وہ ممانعت خاص ہے اس صورت کے ساتھ کہ جب انسان کا مقصد صرف اپنی شہوت کو ابھارنا اور لذت حاصل کرنا ہو اور جب یہ مقصد نہ ہو تو انسان کا اپنی منی خارج کرنا بھی جائز ہوتا ہے۔ چونکہ مذکورہ صورت میں انسان محض اپنی شہوت ابھارنے یا لذت حاصل کرنے کے لیے یہ فعل نہیں کر رہا اس لیے استمناء بالید کی وجہ سے ممانعت نہیں ہے الا یہ کہ ممانعت کی کوئی اور وجہ پائی جائے۔
فتاوی محمودیہ (18/247)میں ہے:
سوال: ایک شخص جانوروں کا ڈاکٹر ہے، بعض وقت گائے وغیرہ کو مستی کا انجکشن دینا پڑتا ہے جس کی صورت یہ ہے کہ انجکشن دینے سے قبل گائے کی فرج میں ہاتھ داخل کیا جاتا ہے جس سے ایک قسم کی گدگدی پیدا ہوتی ہے پھر انجکشن دیا جاتا ہے آیا یہ فعل زنا میں داخل ہے یا نہیں؟ ہر دو صورت واضح طور پر تحریر فرما دیں۔ نیز یہ ملازمت کرنا درست ہے یا نہیں؟
الجواب: یہ فعل زنا میں داخل نہیں البتہ خلافِ فطرت اور غلط فعل ہے، ہو سکتا ہے کہ جانور کے لیے باعثِ اذیت بھی ہو ایسی ملازمت سے پرہیز کیا جائے۔
فتاوی محمودیہ (18/248)میں ہے:
سوال: جانور کے بیوپاری یعنی بیع او شراء کرنے والے جانور کے مقام مخصوص میں ہاتھ ڈال کر اس کے گابھن ہونے کو دیکھتے ہیں یہ شرعا کیسا ہے؟
الجواب: اگر کوئی اور صورت اس کے علم کی نہ ہو تو اس کی گنجائش ہے, ورنہ اس کا قبیح ہونا ظاہر ہے۔
فتاوی دارالعلوم دیوبند (16/127)میں ہے:
سوال: جس گائے یا بھینس کا بچہ مر گیا ہو اس کا دودھ اس کی پیشاب گاہ میں انگلی دے کر نکالا جاتا ہے اس ترکیب سے دودھ نکالنا جائز ہے یا نہیں؟
الجواب: دودھ جو اس عمل اور تدبیر کے ذریعہ سے نکالا جاوے پاک ہے اور حلال ہے مگر یہ فعل ضرور شنیع اور مکروہ ہے۔
سوال: بہت بھینسیں ایسی ہوتی ہیں کہ وہ دودھ نہیں دیتی تو ان کے ساتھ چرواہے لوگ ایسا کرتے ہیں کہ ان کے پیشاب کے مقام میں اپنا ہاتھ ڈالتے ہیں تو بھینس ڈر کر دودھ دینے لگتی ہیں اس کی نسبت کیا حکم ہے؟
الجواب: یہ فعل اچھا نہیں ہے اور دودھ پاک و حلال ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved