• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

بھنوؤں کو بلیچ کروانے کا حکم

استفتاء

آئی بروز (بھنویں ) بنانا ٹھیک نہیں ہے ۔لیکن کچھ لوگ آئیبروز   Bleach(بلیچ )کرواتے ہیں تاکہ اتنا پتہ نہ چلے کہ آئی بروز بنوائی ہیں یا نہیں ۔تو کیا یہ درست ہے ؟

تنقیح : بلیچ ایک کریم ہے جسے عورتیں استعمال کرتی ہیں جس سے چہرے کے نمایاں بال جلد کی رنگت کے ہو جاتے ہیں اور چہرہ صاف دکھائی دیتا ہے ۔بھنوؤں کے کناروں میں لگانے سے کنارے کے بال جلد کے رنگ کی  طرح ہو جاتے ہیں  جس کی وجہ سے بھنویں باریک   نظر آتی ہیں ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

اگر  کسی کی بھنویں  نارمل حد سے بڑھ کر معیوب ہو جائیں تو ان کو بلیچ کروا کر نارمل حد تک لانے کی گنجائش ہے   لیکن اگر بھنویں نارمل حد میں ہوں تو ان کو بلیچ کروانا درست نہیں ہے  کیونکہ نارمل بھنوؤں کو باریک کرنے کی صورت میں فاسقات سے مشابہت  ہوتی ہے جبکہ فاسقات سے مشابہت اختیارکرنا جائز نہیں ہے ۔

المفاتيح فی شرح المصابيح، للمظہری  (5/ 19) میں ہے:

«وكذلك من شبه نفسه بالفساق، ومن شبه نفسه بالنساء في اللباس وغيره فقد أثم»

مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح (7/ 2782) میں ہے:

«(قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم (من تشبه بقوم) : أي من شبه نفسه بالكفار مثلا في اللباس وغيره، أو ‌بالفساق أو الفجار أو بأهل التصوف والصلحاء الأبرار. (فهو منهم) : أي في الإثم والخير»

فتح الباری (11/575) میں ہے:

قال الطبري لا يجوز للمرأة تغيير شيئ من خلقتها التى خلقها الله تعالى عليها بزيادة أو نقص لإلتماس الحسن لا لزوج ولا لغيره كمن تكون مقرونة الحاجبين فتزيل ما بينها توهم البلج او عكسه

احسن الفتاوی (8/75)میں ہے:

الجواب:عورت کے لئے چہرے کے بال صاف کرنا جائز ہے اور اگر داڑھی اور مونچھ کے بال نکل آئیں تو ان کا ازالہ مستحب ہے نامصہ  اور متنمصہ کا مورد یہ ہےکہ ابرو کے اطراف سے بال اکھاڑ کر باریک دھاری بنائی جائے۔كما يدل عليه التعليل بتغيير خلق الله

ابرو بہت زیادہ پھیلے ہوئے ہوں تو ان کو درست کرکے عام حالت کے مطابق کرنا جائز ہے غرض یہ کہ تزیین مستحب ہے اور ازالہ عیب کا استحباب نسبتاً زیادہ موکد ہے اور تلبیس اور تغییر خلق ناجائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved