- فتوی نمبر: 34-351
- تاریخ: 08 اپریل 2026
- عنوانات: مالی معاملات > شرکت کا بیان > شرکت عنان
استفتاء
دو بندے مل کر شرکت کی بنا ء پر کام کرنا چاہتے ہیں جس کی تفصیل یہ ہے کہ ان دو بندوں میں سے ایک شخص پروفیسر ڈاکٹر ہے اور دوسراشخص تاجر ہے، چنانچہ دونوں بندے مل کر برابر سرمایہ لگائیں گے اور اس سے دوائیاں خرید کر آگے فروخت کریں گے ،دوائیاں خریدنا ،سپلائی کرنا اور پیسے وصول کرنا تاجر کی ذمہ داری ہے ،جبکہ پروفیسر ڈاکٹر مختلف ڈاکٹروں کے پاس جا کر ان دوائیوں کے مکمل اوصاف بتاکر ان کو خریدنے کی ترغیب دے گا اور ساتھ ساتھ وہ چونکہ خود ڈاکٹر ہے اور اس کا کلینک بھی ہے اور وہاں بھی وہ پریکٹس کرتا ہے تو وہاں بھی مریضوں کو وہ دوائیاں لکھ کر دے گا لیکن اس میں اس بات کا خیال رکھے گا کہ مریض کے مناسب اگر کوئی اور دوائی ہو تو پھر اپنی والی دوائیاں نہیں لکھے گا البتہ اگر اپنی دوائی اور دوسری کمپنیوں کی دوائی برابر درجہ کی ہو اور ریٹ میں بھی کوئی خاص فرق نہ ہو تو پھر اپنی والی دوائی کو ترجیح دے گا یعنی مریضوں کے ساتھ بد دیانتی نہیں کرے گا ،تو کیا یہ صورت جائز ہے ؟
تنقیح : سرمایہ اور نفع دونوں کا برابر ہے ،البتہ فی الحال یہ طے کیا گیا ہے کہ نفع کا 5 ،5 فیصد دونوں لیں گے اور باقی کاروبار میں ہی شامل کرتے رہیں گے ۔نقصان کے بارے میں کچھ واضح طے نہیں ہوا ۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت جائز ہے اس لیے کہ مذکورہ صورت شرکت عقد کی ہے اور اس میں شرکت کی شرائط بھی پائی جارہی ہیں کہ دونوں کا سرمایہ بھی ہے اور دونوں کے ذمہ شرکت سے متعلق کام بھی ہیں ،البتہ مذکورہ صورت میں نقصان کا ذکر نہیں کیا گیا تو اس کا اصول یہ ہے کہ شرعاً نقصان کے ذمے دار دونوں فریق راس المال یعنی انویسٹمنٹ میں اپنے اپنے حصے کے بقدر ہوں گے۔
ہندیہ (2/302) میں ہے:
أما الشركة بالمال فهي أن يشترك اثنان في رأس مال فيقولا اشتركنا فيه على أن نشتري ونبيع معا أو شتى أو أطلقا على أن ما رزق الله عز وجل من ربح فهو بيننا على شرط كذا أو يقول أحدهما ذلك ويقول الآخر نعم، كذا في البدائع
ہندیہ (2/320) میں ہے:
ولو شرطا العمل عليهما جميعا صحت الشركة، وإن قل رأس مال أحدهما وكثر رأس مال الآخر واشترطا الربح بينهما على السواء أو على التفاضل فإن الربح بينهما على الشرط، والوضيعة أبدا على قدر رءوس أموالهما، كذا في السراج الوهاج
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved