- فتوی نمبر: 24-363
- تاریخ: 23 اپریل 2024
- عنوانات: مالی معاملات > خرید و فروخت
استفتاء
ہمارے قوم (قبیلے)کی مشترکہ زمین ہے اب اس زمین کی تقسیم کاعمل جاری ہے۔ مشترکہ زمین کی حدود اربعہ بھی معلوم ہے اور شرکاء کی تعداد بھی معلوم ہے لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہےکہ فی فرد کو کتنی زمین ملے گی۔
اور تقسیم کا طریقہ کار اس طرح معلوم بھی نہیں قرعہ اندازی کے ذریعے سے ہو گا یا کسی اور طریقہ سے ہو گا ؟
مسئلہ یہ ہے اس زمین کی اب سے خرید وفروخت شروع ہے بعض لوگ ابھی اپنا حصہ بیچ رہےہیں اور بعض لوگ زمین کی مقدار بتا کر میں فروخت کرتے ہیں کیا یہ خرید وفروخت جائز ہے؟ بعض علماء کہتے ہیں اس کی خرید وفروخت جائز ہے کیونکہ اس زمین کی حدود اربعہ معلوم ہے اور شرکاء کی تعداد معلوم ہے ،لہذا یہ بیع مجہو ل نہیں ہے۔ اس مسئلے کا تفصیلی جو اب درکا ہے ،اگر تحریری صورت میں ہوبہتر ہے۔
وضاحت مطلوب ہے: جب شرکاء کی تعداد بھی معلوم ہے اور زمین کی حدود بھی متعین ہیں تو پھر ہر ایک کا حصہ کیسے مجہول ہے؟
جواب وضاحت: زمین کے رقبے اور شرکاء کی تعداد کو دیکھا جائے تو ہر شریک کا حصہ متعین ہے کہ ہر ایک شریک کو 5000فٹ حصہ ملے گا ۔لیکن مسئلہ یہ ہے کہ قوم کے جو بڑے ہیں یعنی سردا ر وہ کہتے ہیں کہ ہمیں زیادہ حصہ ملنا چاہیے جبکہ دوسرے لوگ کہتے ہیں کہ سب کو یکساں حصہ ملنا چاہیے جو کہ پہلے سے طے شدہ ہے ۔کسی کو اضافی حصہ نہیں ملنا چاہیے ۔مزید یہ کہ جو عام لوگ ہیں انہوں نے عدالت میں سرداروں کے خلاف عدالت میں مقدمہ بھی کیا ہے کہ سرداروں کو اضافی حصہ لینے سے روکا جائے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
شرعی مسئلہ یہ ہے کہ جب زمین کی حدود ، شرکاء کی تعداد اور ان کے حصے متعین ہوں تو شرکاء زمین کی تقسیم سے پہلے بھی اپنےاپنے حصے کی زمین بیچ سکتے ہیں ۔
یہ مسئلہ آپ کی ذکر کردہ صورت پر منطبق ہوتا ہے یا نہیں ،یہ عدالت کے فیصلے پر موقوف ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد ہی یہ بات طے ہو گی کہ کس کا کتنا حصہ ہے۔نیز اس طرح کے معاملات کی اصل حقیقت سے مقامی علماء زیادہ واقف ہوتے ہیں اس لیے بہتر ہے کہ آپ اس مسئلے کو مقامی علماء سے دریافت کریں۔
ہدایہ(3/24)میں ہے :
وان اشترى عشرة اسهم من مائة سهم جاز في قولهم جميعا
شرح المجلۃ (4/25)میں ہے:
احد الشریکین ان شاء باع حصته من شريكه وان شاء باعها من اجنبي بدون اذن شريكهم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved