- فتوی نمبر: 36-253
- تاریخ: 29 ستمبر 2026
- عنوانات: عبادات > طہارت > نجاستوں کا بیان
استفتاء
نجاست غلیظہ میں سے اگر پتلی اور بہنے والی چیز کپڑے یا بدن پر لگ جائے اور وہ اگر پھیلاؤ میں ایک درہم یعنی ہتھیلی کے گہراؤ (پونے تین سم قطر) کے پھیلاؤ یعنی5.94 مربع سم کے رقبے کے برابر یا اس سے کم ہو تو معاف ہے یعنی اس کو دھوئے بغیر اگر نماز پڑھ لے تو نماز ہو جائے گی۔ لیکن نہ دھونا اور اسی طرح نماز پڑھتے رہنا مکروہ اور برا ہے اور اگر مذکورہ پھیلاؤ سے زیادہ ہو تو وہ معاف نہیں ۔ اس کو دھوئے بغیر نماز نہ ہو گی۔ اور اگر نجاست غلیظہ میں سے گاڑھی چیز لگ جائے جیسے پاخانہ اور مرغی وغیرہ کی بیٹ تو اگر وزن میں ایک درہم یعنی ساڑھے چار ماشہ یعنی 4.35گرام یا اس سے کم ہو تو دھوئے بغیر نماز درست ہے۔ اگرچہ اس کا پھیلاؤ کم ہو یا زیادہ ہو اور اگر اس سے زیادہ وزن کی لگ جائے تو دھوئے بغیر نماز درست نہیں۔
مذکورہ بالامقدار (یعنی ایک درہم پونے تین سم قطر) کا حوالہ درکار ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اس کا حوالہ احسن الفتاوی (2/89)میں ہے:
سوال: قمیص کی آستین پر چار پانچ چھینٹیں گندے پانی کی یا پیشاب کی یا اور کسی نجاست کی لگ گئیں اور بھول کر اسی قمیص سے نماز پڑھ لی تو نماز ہوگئی یا اعادہ واجب ہے، بینوا توجروا
الجواب باسم ملہم الصواب : اگر نجاست دلدار ہو جیسے گوبر وغیرہ تو چھینٹوں کے مجموعہ کا وزن بقدر ایک مثقال = 5 ماشہ = 4.86گرام ہو یا اس سے کم ہو تو نماز ہو جائے گی پھیلاؤ میں خواہ کتنا ہی زیادہ ہو، اور اگر پتلی نجاست ہو مثلاً نجس پانی یا پیشاب وغیرہ تو پھیلاؤ میں ہتھیلی کے گہراؤ کے برابر معاف ہے۔حضراتِ فقہاء رحمہم اللہ تعالیٰ نے ہتھیلی کے گہراؤ کی وسعت معلوم کرنے کے لئے یہ طریقہ لکھا ہے کہ چلو میں پانی بھر کر ہتھیلی کو پھیلا دیا جائے، جتنی جگہ میں پانی ٹھہرا رہے اتنی وسعت مراد ہے اکابر نے اسکی مقدار ایک روپے کے برابر تحریر فرمائی ہے، مگر آجکل دھات کا روپیہ بالکل غائب ہوچکا ہے اور ہتھیلی کی پیمائش آسان نہیں اسلئے اسکی پیمائش کو ضبط کرنے کی ضرورت محسوس کر کے بندہ نے بطریقِ مذکور متعدد بار احتیاط سے پیمائش کی تو قطر = 1.1 انچ = 2.75 سینٹی میٹر ہوا، اسکے بعد اتفاق سے ایک روپیہ دھات کا مل گیا تو اسکا قطر بھی اسکے مطابق پایا۔ لہٰذا اس کی کل پیمائش مربع 2/1 قطر × پائی =0.95 انچ = 5.94 سینٹی میٹر ہوئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved