• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

نوٹوں کا ہار زیادہ قیمت میں خریدنا؟

استفتاء

حضرت پوچھنا یہ تھا کہ نوٹوں والا ہار خریدنا جائز ہے ،جبکہ 1000روپے والا 1200 روپے میں  ملتا ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1000روپے کی مالیت والا ہار 1200 روپے میں خریدنےمیں  سود تو نہیں ہے البتہ چونکہ ایسے ہار کا گلے میں ڈالنا جائز نہیں ہےاس وجہ سے اس کو بیچنا جائز نہیں ہے۔

خزانۃ الاکمل فی فروع الفقہ الحنفی(3/476)میں ہے:

ولا باس بحمل دراهم عليها تماثيل ويكره ان يعلق في الاعناق 

امداد الفتاوٰی (4/135)میں ہے:

سوال (۲۴۴۷) :     جس روپے، اٹھنّی، چونّی وغیرہ میں تصویر ہے جیسا کہ ایڈورڈ ہفتم کی تصویر ہے، اس کو عورتوں کا گلے میں ڈالنا، اس کو گلے یا کمر میں رکھ کر نماز پڑھنا درست ہے یا نہیں ؟

الجواب:  گلے میں ڈالنا درست نہیں ، اور پاس رکھ کر نماز پڑھنا درست ہے  کیونکہ اول میں ضرورت نہیں ، ثانی میں ضرورت ہے ۔۸؍ ربیع الاول ۱۳۲۷؁ ھ

سونے چاندی اور ان کے زیورات کے اسلامی احکام (ص31)میں ہے:

مسئلہ : اگر کوئی ایسی چیز کہ چاندی کے علاوہ اس میں کچھ اور بھی لگا ہے مثلاً بازوبند کے اندر لاکھ بھری ہے یا اس پر نگ جڑے ہیں یا انگوٹھیوں پر نگینے لگے ہیں یا بازو بند میں لاکھ تو نہیں ہے لیکن دھاگوں میں گندھے ہوئے ہیں ا  ن چیزوں میں سے کسی ایک کو (مثلاً تین تولے) چاندی کے عوض خریدا تو دیکھیں اس چیز میں کتنے وزن کی چاندی ہے ؟قیمت کی چاندی  کے برابر ہے ،یا اس سے کم ہے یا زیادہ ہے؟ اگر قیمت کی چاندی سے اس چیز کی چاندی یقیناً کم ہو مثلاً دو تولہ ہو تو یہ معاملہ جائز ہے ۔کیونکہ اس صورت میں قیمت کی 2 تولہ  چاندی زیور کی 2 تولہ چاندی  کے عوض ہو جائے گی اور قیمت کی 1 تولہ چاندی لاکھ یا دھاگوں یا نگینوں کے عوض ہو جائے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved