- فتوی نمبر: 23-373
- تاریخ: 26 اپریل 2024
- عنوانات: حظر و اباحت > متفرقات حظر و اباحت
استفتاء
مجھے کچھ پوچھنا ہے کہ جولوگ چلے جاتے ہیں یعنی وفات پاجاتے ہیں کیا ہمارا قبرستان جانا یا ہمارے خواب سے ان کا تعلق ہے؟ میرے سسر رشتہ دار کے خواب میں آئے اور کہا کہ نعت سناؤتو سب نے کہا کہ قبرستان میں جاکر نعت پڑھ کے آئیں یا گھر میں میلاد کروائیں ۔پھر میری مرحوم دادی ساس کے خواب میں آئیں اور کہا کہ میرا دل کر رہا ہے کہ مٹھائی بانٹوں مگر میرے پاس پیسے نہیں ہیں ۔تو آج گھر کے بچوں اور میری نند کو مٹھائی کھلائی ۔ یہ سب تو ہم احتراما کر رہے ہیں پر پھر بھی کیا ان سب چیزوں کا علم ارواح سے کوئی لنک ہوتا ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
جو لوگ وفات پاجاتے ہیں خواب سے ان کا تعلق ممکن ہے لیکن لازمی نہیں ،اس لیے خواب میں آکر جب وہ کچھ کہیں تو کسی متبع شریعت شخص سے اس کی تعبیر پوچھنی چاہیے ،قبرستان جاکر آواز سےنعت پرھنا یا مروجہ طریقہ پر میلاد کرنا شریعت کے خلاف ہے اس لیے یہ تعبیر درست نہیں ۔
امداد الفتاوی(5/244) میں ہے:
سوال : اجازت روح کو ملتی ہے کہ وہ خواب میں آوے اور نصائح وغیرہ کر سکے ؟
الجواب: یہ امر ممکن ہے۔ لیکن خواب کی دو قسمیں ہیں ایک وہ کہ اس کی صورت مراد ہو،دوسری وہ کہ اس صورت سے کوئی معنی مقصود ہو۔ قسم اول محتاج تعبیر نہیں ۔ دوسری قسم محتاج تعبیر ہے۔ پس اگر پہلی قسم واقع ہو تو اس میں وہی روح ہوگی۔ اور کلام وغیرہ اسی کا ہوگا اور اذن الٰہی سے اس کے یہ افعال سمجھے جاویں گے۔ اور اگر دوسری قسم ہو تو معنی مقصود کچھ اور ہوں گے جو اس صورت میں متمثل ہوگئے۔ لیکن اس کی شناخت کہ یہ خواب کونسی قسم کا ہے۔ کوئی قابلِ یقین واطمینان نہیں ۔ اس لئے ہر خواب میں میرے نزدیک دونوں احتمال برابر درجہ کے ہوں گے۔ خلاصہ یہ کہ امکان یقینی ہے اور وقوع یقینی نہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved