• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

بینک کی طرف سے آربٹ استعمال کرنے کا حکم

استفتاء

کیا یہ جو الفلاح بینک سے آربٹ  ملتے ہیں وہ جائز ہیں یا نہیں؟ خود بخود آتے رہتے ہیں،  ان کو اپنے موبائل میں لوڈ کریں تو بیلنس ملتا ہے۔

وضاحت مطلوب ہے کہ: یہ Orbit   کیا ہوتے ہیں؟ کیسے اور کس بنیاد پر ملتے ہیں، الفلاح بینک سے مراد ان کا کنوینشنل بینک ہے یا اسلامی غرض  مکمل صورت تفصیل سے ذکر کریں۔

جواب وضاحت: بینک اسلامی نہیں ہے۔ ویسے اب ہر بینک نے بینک کے اندر ایک اسلامی شعبہ بھی کھول رکھا  ہے۔ میرے خیال میں اس کا کھاتہ الگ ہے۔ مزید اور حقیقی معلومات بینک کا ایماندار  عملہ ہی دے سکتا ہے۔

یہ آربٹ ATM  کو استعمال کرنے پر ملتے ہیں یعنی جتنی مرتبہ ATM استعمال کروگے تو اتنے ملیں گے اور ان کا تعلق اکاؤنٹ میں پیسے رکھے ہونے یا نہ ہونے سے نہیں ہوتا۔

مزید وضاحت: بندہ نے اس کے بارے میں جو معلومات انٹرنیٹ اور بینک کے لوگوں سے حاصل کی ہیں ان کے مطابق:

آربٹ اصل میں پوائنٹس ہیں جو الفلاح  بینک اپنے کسٹمرز کو مختلف وجوہات پر دیتا ہے ہر آربٹ کی مخصوص قیمت مثلاً 1روپیہ ہوتی ہے اس آربٹ کو کیش نہیں کروایا جاسکتا لیکن اس کے ذریعے کوئی ادائیگی کروائی جاسکتی ہے، مثلاً لوڈ کروانا بل جمع کروانا وغیرہ ، اور ان آربٹ کی مدت بھی طے ہے کہ اگر اس مدت  تک ان کو استعمال نہ کیا  جائے تو وہ ایکسپائر ہوجاتے ہیں اور ان کو حاصل کرنے کی جو وجوہات (طریقے) ہیں ان میں اس بینک کے اکاؤنٹ یا کارڈ کے ذریعے کوئی ٹرانزیکشن کرنا بینک سے گاڑی وغیرہ لینا ہیں، اور یہ آربٹ الفلاح کنوینشنل اور اسلامک دونوں میں ملتے ہیں نیز کرنٹ اور سیونگ دونوں اکاؤنٹوں میں ملتے ہیں اگرچہ کچھ فرق ہے، اور الفلاح بینک کے بندہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان آربٹ کا تعلق اکاؤنٹ میں رقم سے نہیں ہوتا یعنی اس کی بنیاد پر نہیں دیے جاتے اور بینک کا مقصود اس طریقہ سے  اپنے کسٹمر بڑھانا ہوتا ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں جو آربٹ کرنٹ اکاؤنٹ اور ڈیبٹ کارڈ کی بنیاد پر کی گئی ٹرانزیکشن سے حاصل ہوں تو انہیں استعمال کرنا جائز ہے۔

توجیہ: مذکورہ صورت میں ان آربٹ کی حیثیت بینک کی طرف سے ہدیہ کی بنتی ہے اس لیے انہیں استعمال کرنا جائز ہے اور یہ بالکل اسی طرح ہیں جیسے جیز کیش وغیرہ ٹرانزیکشن پر سہولیات دی جاتی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved