- فتوی نمبر: 12-273
- تاریخ: 17 جولائی 2018
- عنوانات: عبادات > حج و عمرہ کا بیان
استفتاء
1 -حج کے دن حج کن لوگوں پر فرض ہے؟
2-فضائل کیا ہیں ؟اور نہ کرنے پر کیا گناہ ہے؟ تفصیلی جواب دیں ۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔حج ہراس مسلمان پر فرض ہوتا ہے جو عاقل ہو، بالغ ہو اور اس کے پاس اتنا مال ہو کہ جس سے وہ آنے جانے اور وہاں رہنے اور کھانے پینے کے اخراجات پورے کر سکتا ہونیز جانے سے لیکر واپس آنے تک اپنے زیر کفالت افراد کے اخراجات پورے کر سکتا ہو۔مزید تفصیل کے لیے مسائل بہشتی زیور میں متعلقہ باب کا مطالعہ کریں ۔
فتاوی شامی3/530 میں ہے
وفضلا عن نفقةعياله من تلزمه نفقته لتقدم حق العبد الي حين عوده ۔۔۔۔۔۔
فتاوی عالمگیری 1/216 میں ہے
واما شرائط وجوبه ومنها العقل ومنها البلوغ ومنها القدرة علي الزاد والراحله ۔۔۔۔
2۔ حج کے کچھ فضائل اور وعیدیں یہ ہیں بخاری شریف میں ہے
عن ابي هريرة رضي الله عنه قال سمعت النبي ﷺ يقول من حج لله فلم يرفث ولم يفسق رجع کيوم ولدته امه
رقم الحدیث 1521
ترجمہ۔حضرت ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جو شخص اللہ کے لیے حج کرے اس طرح کہ اس حج میں نہ فحش بات کرے اور نہ حکم عدولی کرے وہ حج سے ایسے لوٹتا ہے جیسا اس دن تھا جس دن ماں کے پیٹ سے نکلا تھا ۔
مسند احمد میں ہے
عن ابي هريره رضي الله عنه قال قال رسول الله ﷺالحج المبرورليس جزاءالا الجنة۔۔۔۔
ترجمہ۔حضرت ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں حضورﷺ نے فرمایا کہ نیکی والے حج کا بدلہ جنت کے سوا کچھ نہیں ۔
ترمذی شریف میں ہے
عن علي رضي الله عنه قال قال رسول الله ﷺمن ملک زادا وراحلةتبلغه الي بيت الله و لم يحج فلا عليه ان يموت يهوديا او نصرانيا ۔۔۔۔۔
رقم الحديث 812
ترجمہ ۔حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہﷺنے فرمایا جس شخص کے پاس اتنا خرچ ہو اور سواری کا انتظام ہو کہ بیت اللہ شریف جا سکے اور پھر وہ حج نہ کر ےتو کوئی فرق نہیں اس بات میں کہ وہ یہودی ہو کر مرے یا نصرانی ہو کر۔۔۔۔
ترمذی شریف میں ہے
عن ابن عباس رضي الله عنهما قال من کان له مال يبلغه حج بيت ربه او يجب عليه فيه الزکاةفلم يفعل يسئل الرجعة عند الموت ۔۔۔۔۔۔۔۔۔رقم الحديث3316
ترجمہ۔حضرت ابن عباس رضی اللہ عنھما نے فرمایا جس شخص کے پاس اتنا مال ہو جو حج کر سکے اور حج نہ کرے یا اتنا مال ہو جس پر زکاۃ واجب ہو اور زکاۃ ادا نہ کرے وہ مرتے وقت دنیا میں واپس آنے کی تمنا کرے گا
۔۔مزید تفصیل کے لیے فضائل حج مؤلفہ شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا رحمہ اللہ کا مطالعہ کریں
© Copyright 2024, All Rights Reserved