• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

عاق بیٹے کا جائیداد میں حصہ

استفتاء

میرے والد صاحب کا انتقال 23ستمبر 2015میں ہوگیا تھا ،والدہ حیات ہیں ،ہم کل پانچ بہنیں  اور چار بھائی تھے۔بڑے بھائی کا انتقال اگست 2012میں ہو اتھا ۔میرے ایک بھائی نے پسند کی شادی کی تھی تو والد صاحب نے ان کو جائیداد سے عاق کردیا تھا ۔میرے والد کے نام پر ایک گھر ہے اور والدہ کے نام پر ایک گھر اور ایک فلیٹ ہے۔اب میری بہنیں کہتی ہیں کہ  ایک بھائی کو تو عاق کردیا تھا اور اب شریعت اور دنیا کے قانون میں بہن بھائی کا جائیداد میں آدھا آدھا یعنی 50-50فیصد حصہ ہوگا جواب ارشاد فرمائیں۔

وضاحت مطلوب ہے:(1)والدہ نے گھر اور فلیٹ اپنے ذاتی پیسوں سے خریدے ہیں یا والد نے خریدے کر دیئے؟(2)بہن بھائی کا جائیداد میں آدھا آدھا حصہ ہونے کا کیا مطلب ہے؟

جواب وضاحت:(1)فلیٹ والدہ نے ذاتی پیسوں سے خریدا اور گھر والد صاحب نے والدہ کو ہدیہ کیا ۔(2)بہنیں کہہ رہی ہیں کہ بھائی بہن کا برابر برابرحصہ ہوگااور عاق بھائی کاجائیداد میں  کوئی حصہ نہیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

(1)مذکورہ صورت میں عاق بیٹے کا بھی جائیداد میں حصہ ہوگا کیونکہ اگر والدین اولاد میں سے کسی کو عاق کردیں تو عاق کرنے سے وہ شرعاً وراثت سے محروم نہیں ہوتا۔

(2)بہنوں کا یہ کہنا درست نہیں کہ بہن بھائیوں کا جائیداد میں آدھا آدھا یعنی 50-50فیصد حصہ ہوتا ہے ۔بلکہ شرعی لحاظ سے بہن بھائیوں میں 2-1کی نسبت سے جائیداد کی تقسیم ہوتی ہے (یعنی لڑکے کے دو حصے اور لڑکی کا ایک حصہ)

نوٹ:آپ کا جو بھائی والد کی زندگی میں فوت ہوگیا تھا ،ان کا یا ان کی اولاد کا آپ کے والد کے ترکہ میں حصہ نہیں بنتا۔

ہندیہ (10/481)میں ہے:وإذا اختلط البنون والبنات عصب البنون البنات فيكون للابن مثل حظ الأنثيين كذا في التبيين.شامی (11/644)میں ہے:الارث جبري لايسقط بالاسقاط.امداد الاحکام (4/615) میں ہے:عاق اور محروم الارث کرنے کا جو دستور ہے مثلا والد کہہ دیتا ہے کہ میرے فلاں بیٹے کو میرے ترکہ میں سے کچھ حصہ نہ ملے اس کی شرع میں کوئی اصل نہیں اس طرح کہنے کے بعد بھی وہ وارث ہوگا اگر عاق کر دینے کی وجہ سے دوسرے ورثاء نے اس کا حصہ نہ دیا تو وہ گناہ گار ہوں گے۔ اس لیے محروم الارث کرنا بالکل فضول ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved