• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

کسی آدمی کو چیک دے کر اس سے ٹیکس کٹوتی کر کے نقد لینا

استفتاء

کیا فرماتے ہیں مفتیان صاحب مسئلہ ذیل کے بارے میں :

1۔کہ میں ایک تاجر ہوں میرے پاس بینک کاچیک  آتا ہے وہ کبھی کراس ہوتا ہے اور کبھی اوپن ،جب میں بینک جاتاہوں توبینک پیسہ نکالتے وقت فی لاکھ 600/روپے ٹیکس کاٹ لیتا ہے ۔ہماری گلی میں ایک دکاندار ہے وہ کہتا ہے کہ چیک مجھے دے دو، میں  آپ کو نقددے دوں گااور ٹیکس بھی دو ۔دوکاندار کا فائدہ یہ ہے کہ یہ ایک لاکھ پرچھ سو لیتا ہے اور میرا فائدہ یہ ہے کہ بینک جانے اور انتظار کرنے سے بچ جاتا ہوں۔ کیا یہ معاملہ جائز ہے یا نہیں ؟

2۔میں ایک موبی کیش دوکاندار ہوں میرے پاس روزانہ نقد رقم کافی تعداد میں جمع ہوتی ہے میرے علاقے میں ایک بندہ ہے وہ کہتاہے کہ کیش جو آپ بینک میں جمع کراتے ہووہ مجھے دو میں  آپ کے اکاوئنٹس میں رقوم کو چیکوں کے ذریعے ٹرانسفر کردوںگا میرا فائدہ یہ ہے کہ بینک جانا اور بینک میں انتظار سے بچنا( اورلوگ بندہ پر شک کرتے ہیں کہ بندہ کا کام غیر شرعی ہے ) اب میرے لیے اس کا کیش میں مدد جائز ہے یا نہیں ؟

وضاحت مطلوب ہے کہ :

دوسری صورت میں جو بندہ چیک کے ذریعے رقم  آپ کے اکائونٹ میں ٹرانسفر کردے گا اس کا اس میں کیا فائدہ ہے ؟

جواب وضاحت :

اس کا فائدہ یہ ہے کہ وہ کیش لے کردوسرے بندوں کے چیک وصول کر کے ان کو پیسے دے کر ٹیکس وصول کرتا ہے ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔مذکورہ صورت جائز نہیں ایک ہی ملک کی کرنسی کی خریدوفروخت کی ہے ۔ایک ہی ملک کی کر نسی کی خریدوفروخت دو شرطوں کے ساتھ جائز ہے ۔کرنسی پر مجلس عقد میں ہی قبضہ ہو جائے ۔

2۔یہ خریدوفروخت کمی زیادتی کے ساتھ نہ ہو بلکہ برابری کے ساتھ ہو ۔مذکورہ صورت میں دونوں شرطیں نہیں کیونکہ ایک طرف سے ادائیگی نقد ہے جبکہ دوسری طرف سے ادائیگی چیک کی صورت میں ہے ۔جو کہ شرعا نقد ادائیگی شمار نہیں ۔اسی طرح ایک لاکھ کے چیک کے ساتھ 600روپے زائد بھی ہیں جواگر چہ ٹیکس کے نام سے لیے گئے ہیں لیکن چیک لینے والااس رقم کو ٹیکس میں ادا نہیں کرے گا بلکہ خود رکھے گاجس کے نتیجے میں اسے 600روپے زائد حاصل ہوں گے  ۔

2۔چونکہ اس دوسرے صاحب کا کام جائز نہیں اور  آپ کو معلوم بھی ہے اس لیے  آپ کا اس صاحب کو کیش دینا اس کے کام میں ایک گونہ تعاون ہے جو کہ ناجائز ہے۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved