• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

کیا کاغذ پر طلاق لکھ کر بذریعہ ڈاک بھیجنے سے طلاق کا واقع ہوگی ؟

استفتاء

السلام علیکم ور حمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اور علماء کرام اس مسئلہ شرعی کے بارے میں:

کہ ایک آدمی نے اپنی بیوی کوکچھ وجوہات کی بنیاد پر طلاق دے دی وہ اس طرح کہ اس کی بیوی اپنے ماں باپ کے گھر گئی ہوئی تھی تو پیچھے سے اس نے کاغذ پرطلاق لکھ کر ڈاک میں ڈال دی وہ اس کی بیوی کو مل گئی اور اس نے طلاق پڑھ کر اپنے پاس رکھ لی ۔

دس پندرہ دن بعد اس نے ایک اور کاغذ پر دو طلاقیں لکھ کر وہ بھی ڈاک خانہ میں ڈال دیں ۔جب یہ طلاقیں ان کو ملیں تو انہوں نے پڑھ کر واپس اسی ڈاکیے کو دے دی کہ واپس لے جا وہ واپس لے آیااور آ کر ان کو دے دی ۔

اب معلوم کرنا ہے کہ اس طرح تین طلاقیں ہو جاتی ہیں یا نہیں ؟اگر ہوتی ہیں تو کس جواز کے ساتھ؟قرآن وحدیث کی رو شنی میں اس کا جواب درکار ہے۔

نوٹ:         وکیل نے تینوں طلاق نامے ایک ہی دن تیار کیے تھے مگر تینوں پر تاریخیں الگ الگ ڈالی تھیں لیکن خاوند نے تقریبا پندرہ دن کے اندر تینوں ارسال کردیئے۔

وضاحت مطلوب ہے :

پہلے نوٹس کے بعد سے لے کر تیسرے نوٹس کی تاریخ یعنی 27اگست تک تین ماہواریاں پوری ہو چکی تھیںیا نہیں ؟

جواب وضاحت :

تین ماہواریاں پوری نہیں ہوئی تھیں البتہ وکیل نے تینوں نوٹس پر ایک ایک ماہ کے وقفے کے حساب سے تاریخیں لکھ دیں۔ یعنی تیسری طلاق کی تاریخ تین ماہواریوں کے اندر ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں ایک بائنہ طلاق واقع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے سابقہ نکاح ختم ہو گیا ہے میاں بیوی اپنی رضامندی سے دوبارہ نکاح کر کے اکٹھے رہ سکتے ہیں ۔

توجیہ:         مذکورہ صورت میں طلاق نامہ اول اور دوم سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی کیونکہ ان دونوں طلاق ناموں میں طلاق دینے کے لیے جو الفاظ استعمال کیے گئے ہیں وہ یہ ہیں’’من مقر۔۔۔سدرہ منظور ۔۔کو طلاق نامہ اول دے رہا ہے‘‘’’من مقر۔۔۔سدرہ منظور ۔۔کو طلاق نامہ دوم دے رہا ہوں ‘‘طلاق نامہ کے الفاظ طلاق میں نہ صریح ہیں نہ کنایہ بلکہ طلاق نامہ اس تحریر کو کہتے ہیں جس میں طلاق دینا مذکور ہو حالانکہ شوہر نے منسلکہ طلاق ناموں کے علاوہ طلاق کی کوئی تحریر نہیں دی ۔البتہ طلاق نامہ سوم میں مذکور ان الفاظ سے کہ ’’آج کے بعد مسماۃ مذکوریہ من مقر پر حرام ہے ‘‘ایک بائنہ طلاق ہو گئی ہے

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved