• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

مساجدمیں عیدکی نماز کاحکم

استفتاء

ایک علاقہ میں عیدگاہ موجودہےاورعیدگاہ میں باقاعدہ عیدکی نمازپڑھی پڑھائی جاتی ہےاورعیدگاہ کے قرب وجوارکی مساجدمیں بھی عیدکی نماز پڑھائی جاتی ہےتوکیاان مساجدمیں عیدکی نمازپڑھناپڑھانابلاکراہت جائزہےیاناجائزیاحرام؟

تفصیل مطلوب ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

عید کی نماز میں اصل سنت یہ ہے کہ آبادی سے باہر نکل کر کھلے میدان یاعیدگاہ میں پڑھی جائےلہذا جہاں اس پر عمل آسان ہو وہاں اسی پر عمل کیا جائے اور آبادی کے اندر (خواہ مسجدمیں ہویاعیدگاہ میں)عید کی نماز نہ پڑھی جائے البتہ آبادی کے بڑا ہونے کی وجہ سے یا کسی اور عذر سے آبادی سے باہر نکل کر عید پڑھنا مشکل ہو تو پھر آبادی کےاندربھی عید کی نماز بغیر کسی کراہت کے پڑھی جاسکتی ہےآبادی کے اندر پڑھنے میں عید گاہ اورمسجد دونوں برابر ہیں۔

ابن ماجہ (رقم الحدیث1313)میں ہے:

عن أبي هريرة قال أصاب الناس مطر في يوم عيد على عهد رسول الله صلى الله عليه و سلم فصلى بهم في المسجد .

ترجمہ:حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتےہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےزمانہ میں (ایک مرتبہ) عید کے دن بارش ہوگئی توآپﷺنےلوگوں کو(عیدکی نماز)مسجدمیں پڑھائی۔

ہندیہ(1/ 150)میں ہے:

الخروج إلى الجبانةفي صلاةا لعيد سنة و إن كان يسعهم المسجد الجامع على هذا عامة المشايخ وهو الصحيح.

فتاوی محمودیہ(22/248)میں ہے:

عیدین کی نماز عیدگاہ میں پڑھنا سنت ہے، اگر عیدگاہ نہ ہو اور باہر میدان میں نماز ادا کرنے کی گنجائش نہ ہو تو پھر نمازی مسجدوں ہی میں نماز عید ادا کریں گے۔

فتاوی دارالعلوم دیوبند(5/164/166)میں ہے:

 (سوال ۲۶۹۰) جو لوگ عیدین کو جمعہ مسجد میں پڑھتے ہیں ان کی نماز ہوجاتی ہے ؟

(الجواب ) نماز ہوجاتی ہے مگر عید گاہ میں پڑھنا سنت ہے ۔ عیدگاہ میں بلا عذر نماز عیدین نہ پڑھنا خلاف سنت ہے۔

 (سوال ۲۶۹۴) جمعہ او رعیدین کی نماز مختلف مساجد میں ادا ہوسکتی ہے یا نہیں ؟

(الجواب ) پڑھ سکتے ہیں کیونکہ مسئلہ یہ ہے کہ جس بستی میں ایک جگہ جمعہ وعیدین جائز ہے وہاں چند جگہ بھی  جائز ہے ۔ البتہ بہتر یہ ہے کہ ایک جگہ جمعہ و عیدین پڑھیں ۔ اور عیدین کی نماز باہر صحراء میں پڑھنا مسنون ہے۔فقط۔

(سوال ۲۶۹۸) عیدین کی نماز جامع مسجد میں ادا کرنا درست ہے یا نہیں ؟ عید گاہ میں امام بدعتی ہے ۔

(الجواب ) عیدین کی نماز جامع مسجد میں بھی ادا کرنا درست ہے ، لیکن مسنون و افضل صحراء میں ادا کرنا ہے اگر عید گاہ میں امام بدعتی ہے ، دوسری جگہ صحرا میں اس سنت کو ادا کریں ۔ فقط۔

مسائل بہشتی زیور(1/300)میں ہے:

مسئلہ: عید گاہ جو پہلے آبادی سے باہر ہو پھر آبادی کے بڑھنے سے آبادی کے اندر آجائے تو صحرا یعنی آبادی سےباہرعیدپڑھنےکی اصلی سنت ادانہ ہوگی البتہ عیدکی نمازاداہوجائےگی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved