• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

صرف 10محرم کا روزہ رکھنا

استفتاء

1۔ صرف دس محرم کا روزہ رکھنا ناجائز تو نہیں ؟

2۔ عورت کو خون کے چھوٹے چھوٹے لوتھڑے نما تین چار ٹکڑے آتے ہیں ، پھر سارا دن کچھ نہیں ہوتا اگلے دن ہلکا سا داغ شلوار پر نظر آتا ہے مگر کھل کر کچھ نہیں ہوتا۔ کیا یہ عورت نماز پڑھے گی یا نماز معاف ہے؟ ایام کے آنے کے وقت سے اٹھارہ دن اوپر ہو گئے ہیں عورت کے اندازے کے مطابق، عورت شادی شدہ ہے، عورت کی عمر پینتالیس سال ہے۔

ماہواری کی تفصیل :

عورت کی ہمیشہ روٹین یہ رہی: سات دن ناپاکی اور 19 دن پاکی یعنی اگلے ایام 4 دن پہلے آتے تھے۔ مگر اب اکثر ترتیب بدل گئی ہے اب لیٹ آتے ہیں ۔ پچھلے سے پچھلے ماہ ایام 8 دن لیٹ آئے  7 ناپاکی دن 31 پاکی۔ اور پچھلے مہینے 7 دن ناپاکی  38 دن پاکی کے،  انتالیسویں دن تین عدد خون کے لوتھڑے آئے باقی سارا دن خشک رہا، چالیسویں دن ہلکا سا خون کا نشان نظر آیا اور باقی سارا دن خشک رہا، 41ویں دن صبح مینسز آنے شروع ہوئے جو کہ ابھی بھی 20 دن گذرنے پر جاری ہیں ۔

مذکورہ صورت میں عورت نے دس دن ماہواری کے شمار کر کے نماز شروع کیں ۔

کیا 39 اور 40ویں دن کی نمازیں معاف ہیں یا پڑھنی ہوں گی؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ صرف دس محرم کا روزہ رکھنا ناجائز نہیں ہے البتہ بہتر ہے کہ دس محرم کے ساتھ نو (9) یا گیارہ محرم کا روزہ رکھ لیا جائے۔

2۔ مذکورہ صورت میں عورت کی عادت 7 دن ناپاکی اور 38 دن پاکی کی ہے، اس اعتبار سے ناپاکی کی ابتداء 39 ویں دن سے شمار ہو گی، اور 39 ویں دن سے لے کر 45 ویں دن تک 7 دن ناپاکی کے شمار ہوں گے، اور اس کے بعد بھی اگر خون جاری رہتا ہے  تو 38دن پاکی کے شمار ہوں گے۔

مذکورہ صورت میں چونکہ 39 اور 40 واں دن بھی ناپاکی  کے ہیں اس لیے ان دنوں کی نماز کی قضا نہیں ۔ لیکن چونکہ مذکورہ صورت میں عورت نے اپنی ناپاکی دس دن شمار کی ہے جو کہ صحیح نہیں ۔ اس لیے 45ویں  دن کے پورا ہونے کے بعد جتنے دن نماز نہیں پڑھی ان نمازوں کی قضا ضروری ہے۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved