- فتوی نمبر: 22-316
- تاریخ: 09 مئی 2024
- عنوانات: مالی معاملات > خرید و فروخت
استفتاء
میں جس کمپنی میں کام کرتا ہوں اس کے پاس یا اس کے علاوہ دوسری کمپنیوں کے پاس بہت سے کام ٹھیکہ کنٹریکٹ پر دینے کے لیے ہوتے ہیں اور بہت سے ٹھیکیدارجو کام ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں کیا ان کو میں ان کمپنیز سے کام دلوا کر اس کنٹریکٹر سے کچھ کمیشن لے سکتا ہوں؟ اور کمیشن پر کام دلوانا حلال ہے یا حرام؟
وضاحت مطلوب ہے:
کیا کمپنی کو یہ پتہ ہوگاکہ آپ نےکمیشن پر کسی کو کام دلوایاہے؟
جواب وضاحت:
جی اس میں یہی ہوتا ہے کہ کچھ چھوٹی کمپنیوں کو تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ فلاں آدمی ہمارے لئے کنٹریکٹر کو ڈھونڈتا ہے اور ان کے نام پر ان کو کام لے کر دیتا ہے اور ان سے کچھ کمیشن وصول کرتا ہے مگر بڑی کمپنیوں میں ہر ڈیپارٹمنٹ میں اتنے لوگ ہوتے ہیں کہ ان کو نہ تو شیئر کیا جاتا ہےاور نہ ہی ان کو اس سے کچھ مطلب ہوتا ہے ان کےہاں اولین کام ہوتا ہے کوئی بھی کوٹیشن (Quotation)دے سکتا ہے جو ان کے حساب میں آئے گا اس کو کام دے دیں گے، لینے والا کون ہے؟کس کو لے کر دے رہا ہے ؟اور جس کولےکردےرہا ہے اس سےکچھ لےرہاہےیا نہیں یا خود کام کروا رہا ہے اس سب سے ان کوکوئی سروکار نہیں ہوتا ،مثال کے طور پر میں جس کمپنی میں ہوں وہاں میری ڈیوٹی تعمیراتی خاکہ تیار کروانا ہے میرا کام ہے خاکہ تیار کروانا ،اب ہوا یوں کہ کچھ دن پہلے جو ٹھیکیدارکام کر رہا تھا وہ کام چھوڑ کر چلاگیا اس کو گورنمنٹ کے ساتھ کوئی مسئلہ تھا،اب دوبارہ کمپنی اس کام کے لیے ٹھیکدارڈھونڈ رہی ہے اور ٹھیکیدارڈھونڈنا اورکام دینامیری ڈیوٹی میں بھی شامل نہیں ہے۔
یہ کام پروکیورمنٹ (Procurement)ڈیپارنمنٹ کا ہوتاہےتو اب کیامیں اس کام کاکوئی ٹھیکدارڈھونڈکراس کی کوٹیشن(Quotation)جمع کرواکےیہ کام اس کودلواکےکچھ طےشدہ کمیشن لےسکتاہوں؟یہ حلال ہےیانہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
جس صورت میں کمپنی کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو کمیشن ملے گی تو اس صورت میں کمیشن لینا جائز ہے ورنہ نہیں نیز کمیشن کے جائز ہونے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے سے کمیشن بھی طے ہو۔
فقہی مضامین ڈاکٹر عبد الواحد صاحب(ص384)میں ہے:
بروکر کے طور پر کام کی اجرت کے مستحق بننے کے لئے یہ ضروری ہے کہ با ئع اور مشتری دونوں ہی کو اس کا علم ہو کہ یہ شخص بروکر کے طور پر کام کر رہا ہے۔ صرف بائع یا مشتری کو علم ہونا کافی نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved