• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

ریڈ بل (Red bull)  انرجی ڈرنک کا حکم

استفتاء

ایک مشہور انرجی ڈرنک جس کا نام ریڈ بل Red Bull ہے جو کہ ٹن پیک کی شکل میں ہمارے بازاروں میں عام فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے اجزائے ترکیبی میں ایک چیز  Taurine (ٹورین) ہے ۔ سوشل میڈیا  میں بتایا جا رہا ہے کہ اس کا مطلب بیل کا مادہ تولید ہے،  اس ڈرنک میں اس جز کی 0.4 فیصد مقدار شامل کی گئی ہے؟  اس ٹورین کی وجہ سے اس ڈرنک کا خریدنا بیچنا اور پینا شرعی لحاظ سے کیسا ہے؟ قرآن اور حدیث کی روشنی میں راہنمائی فرمائیں۔

جزاک اللّٰہ خیرا کثیرا

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

انرجی ڈرنک  ’’ریڈ بل‘‘  کے اجزائے ترکیبی میں شاملTaurine(ٹورین) کے بارے میں ایسی کوئی معلومات نہیں ملیں کہ اس کا مطلب بیل کا مادہ تولید ہے۔

انٹرنیٹ پر متعدد ویب سائٹس کے مطابقTaurine(ٹورین) امائنو ایسڈز کی ایک قسم ہے، امائنو ایسڈز پروٹین کی اکائی ہیں اورپروٹین کے لئے ایسے ہی ہیں جیسے کسی بلڈنگ کی اینٹیں ہوتی ہیں،پروٹین گوشت پھلوں اور سبزیوں وغیرہ میں ہوتی ہے۔Taurine(ٹورین) امائنو ایسڈ بھی قدرتی طور پر گوشت وغیرہ بہت سی غذاؤں میں پایا جاتا ہے اس کے علاوہ یہ امائنو ایسڈ(Gallbladder) پتے میں موجود سبز،براؤن رنگ کے ایک سیال مادے( جسے انگریزی میں Bile(بائل) کہا جاتا ہے )میں بھی ہوتا ہے۔Taurine(ٹورین) کے غذا میں قدرتی طور پر ہونے کے باوجود اسےغذا میں اضافی طور پر بھی ڈالا جاتا ہے اور دوائیوں میں بھی ڈالا جاتا ہے اس وجہ سے پوری دنیا میں اس کی سالانہ طلب ہزارہاٹن ہے چونکہ اتنی بڑی مقدار میں اسے غذا اور بائل سے کشید کرنا ایک مہنگا عمل ہے اس لئے تجارتی مقاصد میں استعمال کرنے کے لیے Taurine(ٹورین) مختلف کیمیکلز کو  باہم ملا کر مصنوعی طریقے سے بنایا جاتا ہے۔مصنوعی طریقے سے بنایا گیاTaurine(ٹورین) پاک اور حلال ہے ۔

چونکہ دنیا میں تجارتی مقاصد کے لئے استعمال ہونےوالےTaurine(ٹورین) کےمصنوعی ہونے کا گمان غالب ہےاور حیوانی یعنی ’’بائل‘‘ سےبنےہونےکا گمان مغلوب ہے ،اس لیے ’’ریڈ بل‘‘انرجی ڈرنک کے بیچنے، خریدنے اور پینے کو Taurine(ٹورین)کی بنیاد پر ناجائز نہیں  کہہ سکتے۔

علاوہ ازیں  ’’ریڈبل ‘‘ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر صراحت کی ہے کہ

Q&A Red Bull Energy Drink            Is taurine made from bull’s testicles?

No. The taurine in Red Bull is not derived from animals. It is produced synthetically by pharmaceutical companies, which guarantees the highest quality standards.

ترجمہ:سوال:کیاٹورین بیل کےخصیتین سے حاصل کیا گیا ہے ؟

جواب:نہیں، ریڈبل میں حیوانی ٹورین نہیں ہےبلکہ اعلی معیار کی دوائیوں کی کمپنیوں سے مصنوعی طریقے سے تیار کروایا جاتا ہے۔

‏باقی رہی یہ بات کہ ریڈ بل انرجی ڈرنک Taurine(ٹورین)کے علاوہ کسی اور جزء کی بنیاد پر حلال ہے یا حرام؟تو اس کا جواب اس کے تمام اجزاء ترکیبی کو دیکھے بغیر نہیں دیا جا سکتا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved