- فتوی نمبر: 22-248
- تاریخ: 10 مئی 2024
- عنوانات: حظر و اباحت > متفرقات حظر و اباحت
استفتاء
مفتی صاحب موبائل کی ایک ایپ جسکا نام "اسلام 360” ہے کافی مشہور و معروف ایپ ہے جس میں کافی اسلامی سہولیات دستیاب ہیں۔ مذکورہ ایپ میں کئی مشہور علماء جیسے مفتی تقی عثمانی، جونا گڑھی، طاہر القادری، ابو الاعلی مودودی وغیرہ کے تراجم و تفاسیر موجود ہیں۔ جن کو سنا بھی جا سکتا ہے ، پڑھا بھی جا سکتا ہے۔مختلف قراء کی آوازوں میں تلاوت موجود ہے اور قرآنی احکامات و مضامین کی الگ فہرست ہے۔ اسی طرح ویڈیو قرآن میں مختلف عنوانات کے تحت قرآنی آیات کے مفہوم کے مطابق ویڈیو سازی کی گئی ہے جس میں جاندار کی تصاویر کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔
مزید اس میں احادیث کی کتب ہیں جن میں صحاح ستہ مکمل اور مشکوۃ،مسند احمد بن حنبل وغیرہ شامل ہیں جن کو پڑھا بھی جا سکتا ہے اور اردو میں سنا بھی جا سکتا ہے۔جس میں ہر باب کی احادیث میں صحیح اور ضعیف احادیث کا فرق کیا گیا ہے، دونوں کی تعداد بتلائی گئی ہے اور ضعیف احادیث کو سرخ رنگ سے ممتاز کیا گیا ہے۔ اور احادیث کے تراجم میں غیر مقلدین کے مسلک کے مطابق قوسین میں وضاحت بھی دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ نماز کاطریقہ احادیث کے حوالہ کے ساتھ بیان کیا گیا ہے جس میں رفع یدین کرنے کا بھی بتلایا ہے ۔ حج و عمرہ کا مکمل طریقہ ویڈیو کے ذریعہ سمجھایا گیا ہے جس میں ایک بھائی اول تا آخر مکمل طریقہ بیان کرتے ہیں۔ اسی طرح نماز جنازہ میں پہلی تکبیر کے بعد سورۃ فاتحہ مع سورت پڑھنے کا بتلایا گیا ہے۔
اور اس میں نماز وں کے اوقات، اسلامی تاریخ، تسبیح، سمت قبلہ، اللہ کے نام، درود،رموز اوقاف اور مخارج بھی موجود ہیں۔ اس ایپ کے بارے میں رہنمائی فرمائیں کہ کیا اس ایپ کوموبائل میں ڈاؤنلوڈ کر کے استعمال کر سکتے ہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ ایپ کے استعمال سے اجتناب کرنا چاہیےاس کی وجوہات درج ذیل ہیں:
1۔ مذکورہ ایپ میں ان لوگوں کے کیے ہوئے ترجمے اور تفاسیر بھی موجود ہیں جو عمل و عقیدہ دونوں کے اعتبار سے اہل سنت کے مذہب سے ہٹے ہوئے ہیں۔ حالانکہ دین کو حاصل کرنے کیلئے یہ شرط ہے کہ عقیدہ وعمل کے اعتبار سے سنت پر قائم شخص سے حاصل کیا جائے۔ چنانچہ صحیح مسلم کے مقدمہ، باب فی ان الاسناد من الدین، رقم: 26 میں ہے:
"عن محمد بن سيرين، قال: إن هذا العلم دين، فانظروا عمن تاخذون دينكم”
ترجمہ: محمد بن سیرینؒ فرماتے ہیں کہ یہ علم دین ہے تو تم دیکھو کہ کس شخص سے اپنا دین حاصل کررہے ہو
2۔ مذکورہ ایپ میں احادیث کی صحت اور ضعف کے بارے میں ناصر الدین البانی، زبیر علی زئی اور دار الدعوۃ پر اعتماد کیا گیا ہے جو کہ احاديث كی تصحیح و تضعیف میں حجت نہیں ہیں لہذاان کی تصحیح و تضعیف پر اعتماد درست نہیں۔
3۔ ہماری تحقیق میں جاندار کی ڈیجیٹل تصویر بھی حرام ہے اس لئے اسکا استعمال بھی جائز نہیں اور قرآنی آیات کے مضمون کی عکاسی کرتے ہوئے تصاویر کا استعمال خرابی در خرابی ہے۔
4۔ اسی طرح احادیث کے ترجمہ میں غیر مقلدین کے مسلک کے مطابق ترجمہ کیا گیا ہے نیزنماز، حج، جنازہ اور عبادات كے مسائل میں غیر مقلدین کے مسلک کے مطابق تعلیم دی گئی ہے حالانکہ ہمارے علاقوں میں حنفی بھی نماز، حج، جنازہ اور عبادات میں احادیث کے مطابق ہی عمل کرتے ہیں لیکن اس کی بجائے صرف ان سے اختلاف رکھنے والوں کی احادیث ذکر کی گئی ہیں جو کہ انتشار کا سبب ہے۔
لہذا مذکورہ وجوہات کی بناء پر "اسلام 360” نامی ایپ کوموبائل میں ڈاؤن لوڈ کرنے اور اسے استعمال کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved