• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

وہ میری طرف سے فارغ ہے سے طلاق کا حکم

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

2002 میں میری شادی ہوئی 2007 میں بہت دعاؤں کے بعد بیٹا ہوا میرے شوہر نے بیٹے کی ذمہ داری اٹھانے سے یہ کہہ کرانکار کر دیا کہ انکو بیٹی چاہیے تھی 11سال کوئی خرچہ نہ دیا ہر دو چار دن بعد گھر سے نکالنے کی دھمکی دیتے دو سال پہلے میں بیٹے کے ساتھ کینیڈا آ گئی ،باپ نے بیٹے سے بات چیت بند کر دی بیٹے نے بہت کوشش کی لیکن ہمیں ہر نمبر سے بلاک کردیا گیا دوستوں اور رشتے داروں نے کوشش کی تو انھوں نے کہا کہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں جب میرے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا وہ میری طرف سے فارغ ہے۔چند ماہ پہلے انکے دوستوں نے کھانے پے بلایا 20-25 لوگ تھے وہاں انھوں نے اعلان کیا کہ انکی میرے ساتھ شادی ختم ہوگئی ہے اور ان کے لئے نئ لڑکی ڈھونڈی جائے انکے دوست عمر طاہر نے مجھے بتایا میرے کہنے پے انکے دوست نے ان سے پوچھا کہ انھوں نے ایسا کیوں کہا؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ وہ میرے ساتھ رشتہ ختم کر چکے ہیں اور مجھے پیغام بھجوایا کہ میں خلع لے لوں کیونکہ انکو دوسری شادی کی اجازت ہے جب انکے دوست نے بیٹے کا پوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ بیٹے کو سپورٹ نہیں کریں گے۔ یہی بات انھوں نے اپنی خالہ اور کزن کو کہی ایک ماہ پہلے میں نے اپنی دوست کے نمبر سے فون کیا لیکن انھوں نے بات کرنے سے انکار کردیا اور کہا وہ کبھی بات نہیں کریں گے۔ان حالات سے مجبور ہو کر میں نے کینیڈا کےکورٹ سے رجوع کیا۔کینیڈین کورٹ نے میرے شوہر کو نوٹس بھجوایا جو میرے جاننے والے ایک شخص نے جو خود وکیل بھی ہیں خود میرے شوہر کو پکڑایا لیکن اس نوٹس کے باوجود میرے شوہر نے کورٹ سے رجوع نہیں کیا بلکہ فیس بک پر اپنا سٹیٹس( status )طلاق شدہ( divorced )لگا دیا۔اسکے بعد کینیڈین کورٹ نے بھی علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے قانونی کاغذات دے دیئے ۔اب پوچھنا یہ ہے کہ(1) اس صورت میں میرا نکاح باقی ہے یا ختم ہو گیا؟(2)نیز مجھے عدت گزارنی ہوگی یا نہیں (3) عدت کا شمار کب سے ہوگا؟جزاک اللہ خیرا۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1-مذکورہ صورت میں جب پہلی مرتبہ آپ کے شوہر نے آپ کے بارے میں یہ کہا کہ ’’وہ میری طرف سے فارغ ہے ‘‘ تو اس کہنے سے آپ کے حق میں ایک بائن طلاق واقع ہوگئی جس کی وجہ سے آپ کا نکاح ختم ہوگیا۔

2- مذکورہ الفاظ کہنے کے بعد اگر آپ کی تین ماہواریاں گزر چکی ہیں تو اب مزید عدت گزارنے کی ضرورت نہیں ہے اور اگر ابھی تک تین ماہواریاں نہیں گزری تو عدت کی تین ماہواریاں پوری کرنا آپ کے ذمہ ہے۔

3- جب پہلی مرتبہ آپ کے شوہر نے مذکورہ بالا الفاظ کہے تھے عدت کا شمار اسی وقت سے ہوگا ۔

تو جیہ

 ’’وہ میری طرف سے فارغ ہے‘‘  کا جملہ کنایات طلاق کی تیسری قسم میں سے ہے ،اس کا حکم یہ ہے کہ نارمل حالت میں نیت کے بغیر طلاق نہیں ہوتی۔ شوہر نے مذکورہ الفاظ کہنے کے بعد یہ بھی کہا ہے کہ ’’ان کی میرے ساتھ شادی ختم ہو گئی ہے۔۔۔وہ میرے ساتھ رشتہ ختم کرچکے ہیں ‘‘   شوہر کے یہ الفاظ اس بات کی دلیل ہیں کہ انہوں نے یہ الفاظ طلاق کی نیت سے کہے  ہیں۔

الفصل الخامس في الكنايات لا يقع بها الطلاق الا بنية او بدلالة الحال كذا فى الجوهرة النيرة ثم الكنايات ثلاث اقسام…………(وما يصلح جوابا و شتما)خلية برية بتة بتلة بائن حرام…………….وفى حالة مذاكرة الطلاق يقع الطلاق فى سائر الاقسام قضاء الا فيما يصلح جوابا و ردا الخ……(فتاوى هندية 374/1_سعيد) (كذا فى رد المحتار:296/3_سعيد)

ومبدء العدة بعد الطلاق وبعد الموت على الفور وتنقضى العدة وان جهلت المرأة بهما.(الدر المختار مع رد المحتار 520/3_باب العدة_سعيد)

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved