• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

قبرستان میں صدقہ کی نیت سے گوشت رکھنے کا حکم

استفتاء

اگر کوئی آدمی  قبر ستان میں گوشت یا کھانے  کی کوئی اور چیز صدقہ کی نیت سے رکھ دے تاکہ پرندے یا جنات اسےکھالیں   توکیایہ صحیح ہے یا غلط ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ طریقہ  غلط ہےکیونکہ  اول توصدقہ کا اصل مستحق انسان ہے لہٰذا  انسانوں کو چھوڑ کر جانوروں  یا جنات کو صدقہ کرنا درست نہیں اور اگر کسی جانور کو کچھ ڈالنے  کی واقعی  ضرورت  ہو تو اس کے لیے  قبرستان کی تخصیص  درست نہیں ۔

فتاویٰ محمودیہ (3/301)میں ہے:

سوال : زید کا ردِ بلا  یا  پریشان کن خواب دیکھنے کے بعد   بطورِ صدقہ  چیلوں  کو گوشت  دینا   شرعا ً  کیسا ہے؟

جواب : رد بلا کے لیے صدقہ  کا  مستحق  انسا ن  ہے ، اگر کوئی انسان مستحق ِ صدقہ نہ ملے  تب جانور مستحق ہیں ، انسا ن  مستحق کے ہوتے ہوئے چیلوں کو دینا گو  یا ضائع  کرنا ہے ۔

آپ کے مسائل اور ان کا حل(3 / 545)میں ہے:

س… ۔۔۔۔بہت سے لوگ تھوڑا سا گوشت منگاکر چیلوں کو لٹادیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ جان کا صدقہ ہے، کیا یہ طریقہ ٹھیک ہے؟ اگر نقد رقم غریبوں کو دی جائے تو یہ عمل کیسا ہے؟ یا وہ گوشت غریبوں میں تقسیم کردیا جائے؟ ۔۔

ج… ۔۔ چیلوں کو گوشت ڈالنا اور اس کو جان کا صدقہ سمجھنا بھی فضول بات ہے۔ ہاں! کوئی جانور بھوکا ہو تو اس کو کھلانا پلانابلاشبہ موجبِ اجر ہے۔ لیکن ضرورت مند انسان کو نظرانداز کرکے چیلوں کو گوشت ڈالنا لغو حرکت ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved