• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

عدالتی خلع کی شرعی حیثیت، شوہر کا تین طلاقوں کا اقرار

استفتاء

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اور مفتیان عظام اس مسئلے کے بارے میں کہ میں شادی شدہ عورت ہوں، اٹھارہ سال میری شادی رہی، اس میں کئی بار مخالفت کی وجہ سے میرے شوہر نے مجھے طلاق کے الفاظ کہے، الفاظ میرے شمار سے بھی باہر ہیں، میں نے کئی بار مولانا حضرات سے  پوچھا، مگر مجھے جواب ملا کہ عورت کی بات اس معاملے میں معتبر نہیں ہوتی۔ وجہ یہ تھی کہ میرا شوہر کہہ کر اپنے الفاظ سے مکر جاتا تھا، آخر زیادتی کی حد ہو گئی، میں اپنے 4 بچوں  کو لے کر اپنے ماں باپ کے گھر آگئی، لیکن مجھے مجبور کیا جاتا میرے سسرال کی طرف سے کہ اپنے گھر واپس آجاؤ، لیکن میرے ضمیر نے گوارہ نہیں کیا، پھر میں نے بذریعہ عدالت خلع لے لی۔

اب جبکہ میں نکاح کر چکی ہوں اور میرے سب بچے الحمد للہ دین کا علم حاصل کر رہے ہیں، میرے سامنے یہ مسئلہ آیا ہے کہ عدالت سے لی ہوئی خلع معتبر نہیں ہوتی، یہ طلاق طلاق نہیں۔ آپ اس سلسلے میں رہنمائی فرمائیں کہ میرانکاح معتبر ہے؟ کیا میری طلاق معتبر ہے یا نہیں؟ میں اللہ کی قسم کھا کر کہتی ہوں کہ میرے شوہر نے مجھے طلاق دی اور بار بار دی، اگر میں اپنے اس دعوے میں جھوٹی ہوں، تو اللہ کا عذاب مجھ پر نازل ہو، آپ اس سلسلے میں میری رہنمائی فرمائیں۔

میرے سابقہ شوہر نے  مجھے کہا: "میری طرف سے تمہیں طلاق، طلاق، طلاق”، اور ایسا بار بار ہوا۔ میرے موجودہ شوہر کا کہنا ہے کہ ہمارا نکاح معتبر نہیں ہے۔ اس سلسلے میں بھی میری رہنمائی فرمائی جائے۔

وضاحت مطلوب ہے: موجودہ شوہر یہ بات (کہ ہمارا نکاح معتبر نہیں) کس وجہ سے کہتا ہے؟

جواب: موجودہ شوہر کے یہ بات کہنے کی وجہ یہ  ہےکہ چونکہ عدالتی خلع شرعاً معتبر نہیں، لہذا ہمارا نکاح درست نہیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

عدالتی خلع اگرچہ بعض صورتوں میں معتبر ہوتا ہے اور بعض صورتوں میں معتبر نہیں ہوتا۔ لیکن مذکورہ صورت میں آپ کے سابقہ شوہر بقول آپ کے کئی مرتبہ یہ کہہ چکے تھے کہ "میری طرف سے تمہیں طلاق، طلاق، طلاق”۔

سابقہ شوہر اگرچہ اپنے الفاظ سے مکر جاتا تھا، لیکن چونکہ آپ نے یہ الفاظ خود سنے ہیں، لہذا آپ کے حق میں تین طلاقیں ہو گئی ہیں۔ اور اگلا نکاح اگر آپ نے عدت گذرنے کے بعد کیا ہے تووہ بھی معتبر ہے۔ اس کے غیر معتبر ہونے کی کوئی شرعی وجہ نہیں۔

فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved