• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

ایک مجلس میں تین طلاقیں دینے کا حکم

استفتاء

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرا شوہر عبدالرزاق مجھے (مسماۃ ریاض بی بی زوجہ عبدالرزاق کو) باہم نزاع کی وجہ سے  تین دفعہ طلاق دے چکا ہے جس کے الفاظ یہ تھے کہ ’’میں تینوں طلاق دتی‘‘ (میں نے تجھے طلاق دی) یہ الفاظ اس نے ایک ہی مجلس میں تین بار کہے، اور اس پر اس کی بیٹی صائمہ بی بی اور اقصی بی بی گواہ ہیں کہ ہمارے والد صاحب نے ہماری والدہ کو تین دفعہ  طلاق دی ہے، جھگڑے کی وجہ یہ تھی کہ وہ کسی عورت کے پاس جاتا تھا تو میں منع کرتی تھی، اس لیے اس نے مجھے طلاق دے دی، اب بھی وہ اس عورت کے ساتھ نکاح کے بغیر رہ رہا ہے، اسٹام پیپر ساتھ لف ہے اس میں بھی شوہر کا بیان حلفی موجود ہے کہ میں ایک سال قبل اپنی بیوی کو طلاق دے چکا ہوں لیکن اب شوہر طلاق سے انکاری ہے کہ میں نے طلاق نہیں دی، مذکورہ صورت میں طلاق ہو گئی ہے یا نہیں ہوئی؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں بیوی کے حق میں تین طلاقیں واقع ہو گئی ہیں جن کی وجہ سے بیوی شوہر پر حرام ہو گئی ہے لہذا بیوی کے لیے شوہر کے ساتھ رہنے کی گنجائش نہیں۔

توجیہ: طلاق کے معاملے میں بیوی کی حیثیت قاضی کی طرح ہوتی ہے لہٰذا اگر وہ شوہر کو طلاق دیتے ہوئے خود سن لے یا اسے کسی معتبر ذریعے سے شوہر کا طلاق دینا معلوم ہوجائے تو اس کے لیے اپنے علم کے مطابق عمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔چونکہ مذکورہ صورت میں بیوی نے خود شوہر کو تین طلاقیں دیتے ہوئے سنا ہے لہذا بیوی کے حق میں تین طلاقیں واقع ہو گئی ہیں۔

درمختار مع ردالمحتار(4/509) میں ہے:

كرر لفظ الطلاق وقع الكل.

(قوله كرر لفظ الطلاق) بأن قال للمدخولة: أنت طالق أنت طالق أو قد طلقتك قد طلقتك أو أنت طالق قد طلقتك أو أنت طالق وأنت طالق.

رد المحتار (449/4) میں ہے:

والمرأة كالقاضي إذا سمعته أو أخبرها عدل لا يحل لها تمكينه

بدائع الصنائع (3/295) میں ہے:

وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر؛ لقوله – عز وجل – {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره} [البقرة: ٢٣٠] ، وسواء طلقها ثلاثا متفرقا أو جملة واحدة.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved