• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

الحیات گروپ آف کمپنیز سے کمائی کا حکم

استفتاء

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ الحیات گروپ آف کمپنیز  سے کمائی کرنا جائز ہے  یا نہیں؟

تنقیح: انٹرنیٹ سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق “الحیات گروپ آف کمپنیز “ ایک ادارہ ہے جو لوگوں سے سرمایہ کاری کرواتا ہے اور اس پر نفع دیتا ہے ۔ کمپنی مختلف چیزوں میں سرمایہ کاری کرتی ہے مثلاً کنسٹرکشن اینڈ بلڈگ (تعمیراتی کام)، ڈیری فارمنگ اور فاریکس وغیرہ ۔

اگر کوئی شخص ایک لاکھ  روپے انویسٹ کرے تو اس کو ماہانہ 14 ہزار سے 16 ہزار تک ملتا ہے جس میں سے آدھا نفع ہوتا ہے اور آدھی اس کی انویسٹمنٹ ہوتی ہے ۔ یہ سلسلہ 16 ماہ تک  چلتا ہے ۔ نتیجتاً 16 ماہ بعد اپنی پوری انویسٹمنٹ بھی واپس مل جائے گی اور تقریبا اسی کے برابر یا زیادہ زائد رقم بھی واپس مل جائے گی ۔اور اگر ہر مہینہ نفع نہ لیا جائے بلکہ دوبارہ سے انویسٹ کر دیا جائے تو 16 ماہ میں رقم 4 گنا ہو کر ملتی ہے۔ یعنی جس نے ایک لاکھ انویسٹ کیا ہوگا 16 ماہ بعد اس کو 4 لاکھ ملے گا ۔ ایک لاکھ اپنی انویسٹمنٹ اور 3 لاکھ نفع ۔

اسی طرح اگر کوئی پانچ لاکھ انویسٹ کرے تو ہر مہینے اسے 70,000 روپے نفع ملے گا جس میں آدھی اپنی انویسٹمنٹ ہوگی اور آدھا نفع ہوگا ۔ 16 ماہ تک یہ سلسلہ چلے گا اور اصل رقم زائد رقم کے ساتھ واپس مل جائے گی۔ اور اگر ہر ماہ نفع وصول نہ کیا جائے بلکہ دوبارہ انویسٹ کر دیا جائے تو 16 ماہ بعد رقم چار گنا ہو کر ملے گی ۔ یعنی جس نے پانچ لاکھ انویسٹ کیا ہوگا اس کو 16 ماہ بعد 20 لاکھ ملے گا ۔ اسی طرح جتنا سرمایہ زیادہ ہوتا جائے گا اتنا نفع بھی بڑھتا جائے گا۔

نیز ریفرل کے ذریعے کمائی بھی کی جا سکتی ہے مثلا کسی شخص نے  دوسرے کو ترغیب دی اس نے انویسٹ کر دیا تو دوسرے کی انویسٹمنٹ کا 7فیصد پہلے کو ملے گا اور دوسرا تیسرے کو لایا تو تیسرے کی انویسٹمنٹ کا 7فیصد دوسرے کو اور 3 فیصد پہلے کو ملے گا ۔ اسی طرح جو جو بندہ ریفرل کے ذریعہ آتا جائے گا اس کے سرمائے کاکچھ نہ کچھ حصہ پہلے والے کو ملتا رہے گا۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ کمپنی سے کمائی کرنا جائز نہیں ہے کیونکہ   انویسٹمنٹ کے جائز ہونے کے لیے ایک بنیادی شرط یہ ہے کہ اس رقم سے ہونے والا حقیقی نفع   متعین فیصد کے حساب سے طے ہو جبکہ  مذکورہ کمپنی میں فکس 14 سے 16 ہزار تک ملتا ہے پھر انویسٹمنٹ کے کم ہونے کے باوجود بھی  اتنا ہی ملتا رہتا ہے  ،نیز مذکورہ کمپنی  میں ملٹی لیول مارکیٹنگ بھی ہے  جو کہ جائز نہیں لہٰذا مذکورہ کمپنی   میں انویسٹمنٹ کرنا اور کمائی کرنا جائز نہیں۔

نوٹ :  مذکورہ جواب اصولی اعتبار سے ہے ورنہ   ہماری معلومات کے مطابق ایک لاکھ کے پیچھے ماہانہ 14 سے 16 ہزار  ماہانہ نفع کسی بڑے سے بڑے جائز کام میں ممکن نہیں پھر 16 ماہ میں 4 گنا رقم   کی واپسی بالکل ہی ممکن نہیں ۔اصلا یہ کمپنیاں لوگوں کا سرمایہ جمع کرنے آتی ہیں اور کچھ عرصہ اسی میں سے چند لوگوں کو دیتی رہتی ہیں اور پھر سرمایہ لے کر بھاگ جاتی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved