• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

(۱)اندازے سے زکوۃ دینا(۲)دوران نئی شامل ہونی والی رقم پر زکوۃ کاحکم(۳)بینک ملازمین کے ساتھ شراکت داری کاحکم

استفتاء

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

میرا نام یوسف خان ہے۔ زکوٰۃ سے متعلق میرے کچھ سوالات ہیں اور کچھ سود سے متعلق ہیں جن کے جوابات آپ سے مطلوب ہیں۔

1۔ میری والدہ کے پاس زیور ہے جس کے وزن کا اندازہ نہیں تھا، اور وہ بے ترتیبی سے اس کی زکوٰۃ نکالتی رہیں، میں نے ان کے زیور کا وزن کروایا جس سے صحیح مالیت کا اندازہ  ہو گیا۔ سوال یہ ہے کہ اتنے سالوں سے وہ جو زکوٰۃ نکالتی رہی ہیں اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

2۔ بین کے کرنٹ اکاؤنٹ میں جو رقم پڑی ہوتی ہے اس کی زکوٰۃ کیسے ادا کی جائے جبکہ اسی میں سے ذاتی خرچ کیا جاتا ہے اور دوبارہ اس میں رقم جمع کروائی جاتی ہے۔ کیا سال کے بعد ایسی رقم پر زکوٰۃ ادا کرنی ضروری ہے جبکہ کچھ رقم پہلے سے موجود ہو اور کچھ نئی شامل ہو؟

3۔ میرے چند  دوست بینک میں ملازمت کرتے ہیں اور وہ میرے ساتھ زرعی زمین میں شراکت داری کرنا چاہتے ہیں۔ کیا ان کا پیسہ کاروبار میں استعمال کرنا جائز ہے؟ اور اگر نہیں تو کیا کوئی صورت ہے کہ وہ میرے ساتھ پیسہ انویسٹ کر سکیں؟

سوال نمبر 3 سے متعلق وضاحت مطلوب ہے:

1۔کہ آپ کے یہ دوست کس بینک میں ملازمت کرتے ہیں؟

2۔  اور بینک میں ان کے ذمے کیا کام ہے؟

3۔ کیا ان کے ذرائعے آمدن بینک کی تنخواہ کے علاوہ بھی ہیں یا نہیں؟ اگر ہیں تو وہ کیا ہیں اور کس قدر ہیں؟۔

جواب وضاحت:

جی یہ دو دوست ہیں، ان میں سے ایک مسلم کمرشل بینک میں کام کرتا ہے، اس کی ذمہ نئے اکاؤنٹ کھلوانے والے کے کاغذات کی تصدیق کرنا ہے۔ دوسرا دوست حبیب بینک میں کام کرتا ہے، اس کے ذمہ قرضداروں سے وصولی کرنا ہے۔ اور ان دونوں کا بینک کی تنخواہ کے علاوہ کوئی اور ذریعہ آمدن نہیں ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ اب اندازہ کر لیں کہ اب تک جو زکوٰۃ نکالی گئی ہے وہ حقیقی زکوٰۃ سے کم ہے یا زیادہ ہے یا برابر ہے؟ اگر برابر ہے تو زکوٰۃ ادا ہو گئی اور اگر کم ہے تو باقی ادا کر دیں اور اگر زائد ہے تو زائد کو آئندہ سال کی زکوٰۃ میں شمار کر سکتے ہیں۔

2۔ زکوٰۃ کی تاریخ میں جتنی رقم کرنٹ اکاؤنٹ میں موجود ہو اس کی زکوٰۃ نکالنی ہو گی چاہے وہ رقم ایک دن پہلے ہی اکاؤنٹ میں کیوں نہ آئی ہو۔

3۔  مذکورہ دوستوں کے ساتھ شراکت داری کرنے کی گنجائش ہے تاہم احتیاط کریں تو اچھا ہے۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved