• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

APP کمپنی میں سرمایہ کاری جائز نہیں ہے۔

استفتاء

All Pakistan projectیہ کمپنی Security Exehange commission of paksitan  اور FBR سے رجسٹر شدہ ہے۔ اس کمپنی میں آپ نے کم از کم  16000روپے انویسمنٹ کرنی ہوتی ہے جو کہ 24مہینوں تک اس کمپنی کے پاس محفوظ ہوتے ہیں۔ اور اگر آپ یہ انویسمنٹ 24مہینوں سے پہلے نکالنا چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل شرائط پر آپ سے کٹوتی کی جاتی ہے۔

  1. 3ماہ سے پہلے انویسٹمنٹ نکالنے پر آپ سے 40% کی کٹوتی کی جاتی ہے۔
  2. 3ماہ سے 8ماہ کے درمیان انویسٹمنٹ نکالنے پر آپ سے 35% کٹوتی کی جاتی ہے۔
  3. 8ماہ سے 24مہینوں کے درمیان انویسٹمنٹ نکالنے پر آپ سے 25% کٹوتی کی جاتی ہے۔

اس انویسٹمنٹ پر آپ کو 8سے لے کر 27فیصد تک منافع ہر ماہ دیا جاتا ہے۔ یہ پیسے مندرجہ ذیل  چیزوں میں انویسٹ کیے جاتے ہیں:

  1. Real state Super Market   3. Tourism  4.Cars

5.Commercial Transport   6. Petrol Station   7.Trading    8.Restaurants

آپ رہنمائی فرمائیں کہ کیا  اس میں کاروبار کرنا حلال ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

سوال میں ذکرکردہ کمپنی APP(All Paksitan Project) میں سرمایہ کاری کرنا جائز نہیں ہے، کیونکہ اس کمپنی کے کاغذات میں لکھا ہے (8%-To-27% Assured profit) یعنی 8فیصد سے لے کر 27فیصد تک یقینی نفع، جبکہ شرکت ہو یا مضاربت اس میں نفع کی یقین دہانی  جائز نہیں ہے، سرمایہ کاری میں نفع کے ساتھ ساتھ نقصان کا احتمال بھی ہوتا ہے، اس احتمال کی نفی کرنا نقصان کے شرعی ضابطے کو نظر انداز کرنا ہے، اس بات کی مزید صراحت یوں ہے:

Your initial capital is Secured and Refundable

جس کا مطلب ہے کہ بنیادی سرمایہ محفوظ اور قابل واپسی ہے۔ نیز سرمایہ کی واپسی کی صورت میں مختلف دورانیے پر مختلف کٹوتیاں بھی طے ہیں، جبکہ سرمایہ کی واپسی پر ایسی شرط لگانا ظلم اور ناانصافی ہے، پھر ساتھ میں سروس ٹیکس چارجز کے عنوان  سے بھی کٹوتی کی جارہی ہے۔

اسی طرح تعاوفی کاغذات میں ڈائریکٹ اور انڈائریکٹ  سیل بونس کا بھی مندرجہ ذیل الفاظ تذکرہ ہے :

Driect and indirect sales bonus will be paid within 24 hours in PKR directly into your account.

جو ایم ایل ایم کے طریقے کا موہم ہے، اگرچہ زبانی وضاحت میں اس کا انکار کیا گیا  ہےمگر یہ لکھے ہوئے الفاظ بھی قابل نظر انداز نہیں۔

نوٹ: یہ جواب ان معلومات پر مبنی ہے جو کمپنی کی طرف سے باضابطہ فراہم کی گئی ہیں۔ باقی رہا یہ پہلو کہ کمپنی سرمایہ لے کر آیا اس سے باقاعدہ کاروبار کرتی ہے یا نہیں،   تقسیم شدہ منافع حقیقی نفع ہے یا سرمایہ گھما پھرا کر واپس کیاجارہاہے۔ جبکہ اس سے قبل بہت سی کمپنیاں ایسا کر چکی ہیں، اسے جواب میں نفیا یا اثباتاً ملحوظ نہیں رکھا گیا۔

نوٹ: اس طرح کی کمپنیوں کے کاغذی بیانات چاہے شریعت کے بالکل بھی مطابق ہوں تب بھی انجام کار کے حوالے سے اطمینان نہیں کیا جاسکتا، ماضی میں ایسے بہت سے تلخ تجربات ہوچکے ہیں کہ کمپنیوں نے بھاری نفع کا لالچ دے کر لوگوں کی اصل پونجیاں بھی ہڑپ کر لیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved