• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

بغیر ضرورت کے مسجد کا گودام گراکر دوسری جگہ بنانا

استفتاء

مؤدبانہ گزارش ہے کہ مسجد میں انتظامیہ نے مسجد کے لیے ایک سٹور بنایا ہے جس میں مسجد کا سامان حفاظت کے لیے رکھا جاتا ہے۔انتظامیہ نے بلاضرورت  سٹور وہاں سے ختم کرکے دوسری جگہ منتقل کردیا ہے اب اس سٹور کو پھر پہلی جگہ بنانا ہے۔نمازی حضرات کا کہنا ہے کہ جتنا مالی نقصان ہوا ہے وہ انتظامیہ سے وصول کیاجائے کیونکہ ایک سٹور پر تین گنا خرچہ بڑھ گیا ہے اب یہ خرچہ انتظامیہ سے لیا جائے کیونکہ وقف کے مال کو جان بوجھ کر ضائع کیا گیا ہے ۔یہ واقعہ مسجد میں ہوااوراکثر نمازی اس پر گواہ ہیں۔

وضاحت مطلوب ہے :سوال میں مذکور تمام صورتوں کے بارے میں انتظامیہ کا تحریری موقف مع دستخط فراہم کر دیں۔

جواب وضاحت :انتظامیہ کا تحریری موقف درج ذیل ہے :

"جناب مفتی صاحب مؤدبانہ گزارش ہے کہ آپ نے مذکورہ تمام مسائل میں انتظامیہ کے ارکان کے موقف کو طلب کیا ہے ۔انتظامیہ کا اجلاس ہوا جس میں انتظامیہ کےصدر اور نائب صدرسمیت تمام ارکان نے شرکت کی ۔جس میں مذکورہ تمام مسائل میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ ان تمام مسائل میں مفتیان کرام سے رجوع کیا جا ئے اور جتنے مسائل اور واقعات لکھے گئے ہیں وہ سب کی مشاورت سے طے ہوئے اور یہ سارے حقیقت پر مبنی ہیں اور انتظامیہ کے تمام ارکان نے اس کی تصدیق کی ہے ۔اور میں مسجد کا سرپرست اس  وقت موجود تھا  اور میں بھی اس کی تصدیق کرتا ہوں  ”

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اگر واقعۃً  انتظامیہ کی طرف سے  سٹور  کی تعمیر میں بے احتیاطی ہوئی ہے تو   پرانے سٹور کو گراکر نئے سٹور کی تعمیر میں  اب تک جتنا مالی نقصان ہوچکا ہے وہ انتظامیہ کے ذمہ ادا کرنا واجب ہے اور اگر اس تعمیر شدہ گودام کو گرانے کا کوئی عذر نہ ہو تو اس کو باقی رکھا جائے اگر اس کو گرانا ضروری ہوتو اس کو گراکر  پہلی جگہ دوبارہ سٹور تعمیر کرکے دینا بھی انتظامیہ کے ذمہ واجب ہے ۔

فتاوی عالمگیری (129/5) میں ہے :هدم حائط مسجد، يومر بتسويته واصلاحه، كذا فى القنيه .فتاوی محمودیہ (310/15) ایک سوال کے جواب میں ہے :جس نے مسجد کا جس قدر روپیہ اس کو گراکر ضائع کیا ،اس کا ضمان لازم ہے اس سے وصول کرلیا جائے،یا اس کے عوض تعمیر کرالی جائے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved