• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

بیع میں ثمن کی ادائیگی میں تاخیر  کی صورت میں نقصان کی تلافی

استفتاء

میں نے ایک دوکان  44 لاکھ روپے میں فروخت کی اور اس کا ایڈوانس 16 لاکھ روپے لیا اور باقی رقم 28 لاکھ روپے کے بارے میں 15 اکتوبر کا وقت طے ہوا   پھر میں نے ایک اور دوکان خریدی اور اس کے ایڈوانس میں وہی 16 لاکھ روپے دیے اور باقی رقم کے بارے میں 10 ستمبر کا وقت طے کیا کہ  اس وقت تک مجھے پچھلی دوکان کے پیسے مل چکے ہوں گے جب 15 اکتوبر کا وقت آیا تو مجھ سے خریدنے والے نے انکار کردیا کہ میں ابھی پیسے نہیں دےسکتا میں بعد میں ادا کروں گا  ۔ میں  نے پھر اس وجہ سے کہ دوسری دوکان کا سودا کیا ہوا ہے وہ وقت پر عدم ادائیگی  کی وجہ سے  ختم نہ ہوجائے بازار سے  ادھار مہنگی کھاد خریدی اور بازار میں نقد فروخت کر کے اس  دوکان کی قیمت ادا کردی تو میرا سوال یہ ہے کہ کیا اب میں جو  نقصان اس کھاد کی خرید وفروخت میں ہوا ہے وہ پہلے دوکاندار سے لے سکتا ہوں ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اگرچہ  پہلا خریدار وقت پر ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے گناہ گار ہے لیکن  آپ اس سے  اس نقصان کا مطالبہ نہیں کرسکتے کیونکہ کھاد کااس طرح خریدنا اور بیچنا آپ کا اپنا ذاتی فعل ہے اس کا اس معاملہ سے کوئی تعلق نہیں۔

نوٹ: مذکورہ صورت میں اگرچہ سائل نے  خریدار کے اسی وعدے کی بنیاد پر کہ میں 15 ستمبر کو باقی رقم ادا کردوں گا  دوسری دوکان کا سودا کیا تھا لیکن  مذکورہ صورت میں ایسا نہیں  کہ اس دوسرے سودے کا تذکرہ پہلے سودے میں کیا  گیا ہو کہ اس کی ادائیگی کرنی ہے اور پھر پہلے خریدار نے وعدہ کیا ہو  کہ میں ادا کردوں گا بلکہ پہلا سودا  ویسے ہی ہوا تھا پھر بعد میں سائل نے اپنے طور پر وہ سودا کیا تھا اس لیے اس صورت میں سائل کے نقصان کو اس خریدار سے پورا نہیں کرواسکتے نیز نقصان کی ایک صورت یہ تھی کہ  خریدار نے وہ رقم بر وقت ادا نہ کی  تو سائل بھی آگے ادائیگی نہ کرتا پھر اسے کوئی نقصان اٹھانا پڑتا   جبکہ مذکورہ صورت میں ایسا نہیں ہے بلکہ اس نے اپنے طور پر ادائیگی کے لیے ترتیب بنائی اس لیے اس میں ہونے والا نقصان  خریدار کے وعدہ کی بنیاد پر نقصان شمار نہیں ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved