• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

بٹ کرپٹن(Bitkrypton) کمپنی میں سرمایہ کاری کا حکم

استفتاء

میرا سوال یہ ہے کہ آج کل واٹس ایپ اور دیگر انٹرنیٹ ذرائع سے ایک کمپنی بٹ کرپٹن (Bitkrypton) کے نام سے چل رہی ہے جن کا طریقہ کار یہ ہے کہ آپ اپنی رقم ان کو  سرمایہ (Investment) کے طور پر دیں گے تو وہ آپ کو روزانہ کی بنیاد پر اس کا نفع  دیتے ہیں۔ آپ کی جو رقم اصل ہوتی ہے وہ آپ کو نفع  کی صورت میں ہی واپس کر دی جاتی ہے اور یہ معاہدہ دو سال کا ہوتا ہے۔ دو سال بعد آپ کا سرمایہ (Investment) بھی ختم اور منافع بھی ختم۔ کیا یہ جائز ہے؟ سود کا خطرہ تو نہیں اس میں؟ رہنمائی فرمائیں۔

تنقیح: بٹ کرپٹن کمپنی کی ویب سائٹ سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق کمپنی کرپٹو کرنسی، غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت (Forex Trading) اور مختلف اجناس (Commodities) میں سرمایہ کاری کرتی ہے ۔ سرمایہ کاری کرنے والے لوگوں کو انکی اصل رقم کا 5.0 فی صد  نفع دو سال (730  دن )  تک ادا کرتی ہے اور دو سال بعد معاہدہ مکمل ہو جاتا ہے اور اصل رقم بھی ختم ہو جاتی ہے (اصل رقم بھی نفع  کے ساتھ واپس ادا کر دی جاتی ہے)۔ اس کے علاوہ کمپنی ملٹی لیول مارکیٹنگ   طریقہ کار کے مطابق سرمایہ کاروں کو مزید افراد کو اس اسکیم میں شامل کرنے پر بھی ان کے رینک کے مطابق رقم ادا کرتی ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

بٹ کرپٹن کمپنی میں  سرمایہ کاری کر کے نفع لینا جائز نہیں ہے  کیونکہ اس کمپنی میں درج ذیل مفاسد ہیں:

۱)  بٹ کرپٹن کرپٹو کرنسی اورفاریکس ٹریڈنگ میں سرمایہ کاری کر کے نفع حاصل کرتی ہے اور پھر وہ نفع آگے تقسیم کرتی ہے جبکہ کرپٹو کرنسی اور فاریکس ٹریڈنگ کے ذریعے کمائی کرنا جائز نہیں  ۔

۲)  ملٹی لیول مارکیٹنگ جائز نہیں ہے جبکہ مذکورہ کمپنی اس طریقہ کا استعمال کرتی ہے۔اس لئے ایسی کمپنی کا حصہ بننا جائز نہیں۔

۳) ایک شخص کی رقم ہو اور دوسرا س سے کاروبار کرے اس کے جائز  ہونے کی لیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپس میں جو واقعی نفع ہو وہ فیصد کے حساب سے تقسیم ہو جبکہ مذکورہ کمپنی میں سرمایہ کا فیصد ملتا ہے جو کہ ناجائز ہے۔نیز  اصل سرمایہ بھی اسی مد میں ادا کردیا جاتا ہے بعد میں ادا نہیں کیا جاتا یہ بات بھی ناجائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved