- فتوی نمبر: 9-272
- تاریخ: 06 مارچ 2017
- عنوانات: مالی معاملات > منتقل شدہ فی مالی معاملات
استفتاء
میں ایک آی- ٹی کمپنی میں پچھلے چار سال سے ملازمت کر رہا ہوں۔ موجودہ تنخواہ کٹوتی کے ساتھ 47000 ہے۔ میری والدہ محترمہ کی زمین جو تقریباً ساٹھ لاکھ روپے مالیت کی ہے بک چکی ہے۔ ان پیسوں کی دکان لے کر اپنے بڑے بھائی کے ساتھ والدہ کاروبار کروانا چاہتی ہیں۔ بڑا بھائی کیبل (جو ڈِش میں استعمال ہوتی ہے، اور سیکورٹی کیمرے میں بھی استعمال ہوتی ہے) بناتا ہے۔ اس کام کے لیے اس کی اپنی فیکٹری ہے۔ تو کیا میں اس کاروبار میں حصہ لے لوں تو میرے لیے جائز ہے؟ کوئی گنجائش نکلتی ہے یا نہیں؟ دونوں صورتوں میں رہنمائی فرمائیں۔
کیبل جو بنائی جاتی ہے وہ یہ ہیں: RJ6, RJ7, RJ11 ۔ کیبل کا زیادہ تر استعمال ٖی وی اور ڈش میں ہے۔ سیکیورٹی کیمروں میں استعمال ہے مگر کم ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
جس کیبل کا سوال میں ذکر ہے اس کا سیکورٹی کیمروں کی شکل میں جائز استعمال بھی موجود ہے۔ اگرچہ وہ قلیل ہے۔ لہذا اس کیبل کے بنانے کی گنجائش ہے، تاہم احتیاط کریں تو بہتر ہے۔
خلاصۃ الفتاویٰ (4/377) میں ہے:
رجل آجر بيتاً ليتخذ فيه بيت نار أو بيعة أو كنيسة أو يباع فيه الخمر فلا بأس به، وكذا كل موضع تعلقت المعصية بفعل فاعل مختار.
فتاویٰ شامی (11/645) میں ہے:
(جاز بيع عصير عنب ممن يعلم أن يتخذه خمراً، لأن المعصية لا تقوم بعينه بل بعد تغيره وقيل يكره لإعانته على المعصية بخلاف بيع أمرد ممن يلوط وبيع سلاح من أهل الفتنة، لأن المعصية تقوم به).
امداد الفتاویٰ (3/ 111) میں ہے:
سو اس باب میں قاعدہ کلیہ یہ ہے کہ جس چیز کی عین سے معصیت قائم ہو، اس کا بیع کرنا ممنوع ہے اور جس چیز میں تغیر وتبدل کے بعد معصیت کا آلہ بنایا جاوے اس کی بیع جائز ہے۔
امداد الفتاویٰ میں دوسری جگہ (3/ 116) میں ہے:
’’سوال: انگریزی دوا سے ایک ٹکلی تیار کی جاتی ہے، اس کو ماچس سے جب جلایا جاتا ہے تو جل جل کر مثل زرد سانپ کے نکلنا شروع ہوتا ہے اور دیکھنے میں وہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بل سے سانپ نکلتا آرہا ہے، حالانکہ وہ جلی ہوئی راکھ ہوتی ہے۔ ایسی ٹکیاں بنا کر فروخت کرنا کیسا ہے؟
جواب: کیا یہ ٹکلی بجز سانپ بنانے کے اور کسی کام میں آسکتی ہے، اگر ایسا ہے تو اس کا فروخت کرنا جائز ہے۔ آگے تصویر بنانے کے کام میں لانا یہ فاعل مختار کا فعل ہے، سبب کی طرف اس کی نسبت نہ ہو گی اگرچہ خلافِ تقویٰ اس صورت میں بھی ہے۔ اور اگر صرف اسی کام میں آتی ہے تو اعانت علی المعصیت کی وجہ سے فروخت کرنا حرام ہے اور وہ معصیت سانپ کی تصویر بنانا ہے۔‘‘ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved