• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

کمپنی کی طرف سے  دی گئی میڈیکل انشورنس کی سہولت کا استعمال

استفتاء

میڈیکل انشورنس کا مسئلہ اس طرح بتایا گیا تھا کہ جس قدر  ادائیگی کسی فرد نے کی ہے صرف اتنا فائدہ لے سکتے ہیں! مسئلہ اب اس طرح ہے کہ ہماری کمپنی نے جون 2020 تک IGI نامی کمپنی سے معاہدہ کیا ہوا تھا۔ اب جولائی 2020 میں جوبلی انشورنس  کمپنیز سے معاہدہ کیا ہے۔ شرائط و ضوابط وہی ہیں کہ دو فیصد تنخواہ کا کٹے گا اور دو فیصد کمپنی دے گی۔ میری اہلیہ کا ڈلیوری کیس 21 جولائی کو ہوا ہے۔ آپ سے رہنمائی درکار ہے کہ  آیا میں انشورنس کلیم کر سکتا ہوں یا نہیں؟

وضاحت:

1)       کیا آپ کے لیے یہ معلوم کرنا ممکن ہے کہ آپ کی کمپنی نے اب تک انشورنس کمپنی کو کتنی رقم کی ادائیگی کی ہے اور کمپنی کے ملازمین اس میں سے کتنی رقم کا کلیم کر چکے ہیں اور بقایا رقم کتنی ہے؟

2)       ملازمین کے لیے رقم کلیم کرانے کا کیا طریقہ ہوتا ہے؟ کیا وہ اپنی کمپنی سے رقم وصول کرتے ہیں یا انشورنس کمپنی سے براہ راست وصول کرتے ہیں یا کوئی اور طریقہ ہے؟

3)  کلیم  كون وصول كرے گا؟ انشورنس كمپنی سے ملازم براہ راست کلیم کرے گا یا کمپنی لے کر ملازم کودے گی؟

جواب وضاحت:

1)       تنخواہ کا دو فی صد ملازم کی بنیادی تنخواہ سے کاٹا جاتا ہے اور اتنی ہی رقم کمپنی خود ادا کرتی ہے۔ میری تنخواہ  78000 کا دو فی صد 1560 بنتا ہے اور کمپنی بھی اتنی ہی رقم(1560)  ملا کر انشورنس کمپنی کو  فی مہینہ 3120 روپے ادا کرتی ہے۔  گزشتہ سال تمام سٹاف کی تنخواہ سے 2 فیصد کے حساب سے ٹوٹل 8لاکھ رقم جمع کرائی گئی ہے ۔

2)       ملازمین عموما رقم کلیم نہیں کرتے بلکہ کمپنی کی طرف سے مہیا کی گئی ہسپتالوں کی فہرست سے کسی جگہ علاج کی سہولت حاصل کرتے ہیں۔رقم کلیم کروانے کا طریقہ کار یہ ہے کہ ایک فارم کو متعلقہ ہسپتال سے دستخط کروا  کے ہماری کمپنی کے اکاؤنٹس آفس میں جمع کروایا جاتا ہے۔ انشورنس کمپنی دی گئی معلومات کی تصدیق کرتی ہے اور متعلقہ ملازم کے نام سے چیک  جاری کرتی ہے۔

3) چیک براہ راست انشورنس کمپنی سے فرد کے نام ایشو ہوتا ہے اور وہی وصول کرتا ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اگر ممکن ہو تو پہلے آپ یہ معلوم کر یں کہ :

۱۔ کمپنی کی طرف سے اب تک انشورنس کی مد میں کل کتنی رقم جمع کروائی  جا چکی ہے۔

۲۔ آپ سے پہلے ملازمین علاج کی مد میں کل کتنی رقم انشورنس کمپنی سے کلیم کر چکے ہیں۔

مذکورہ دو باتوں کو  معلوم  کرنے کے بعد اگر انشورنس کمپنی کے پاس کمپنی  کی طرف سے جمع کروائی گئی رقم میں سے اتنی موجود ہو جتنا آپ کا خرچہ آیا ہے تو آپ کلیم  کر سکتے ہیں۔ ورنہ جتنی رقم موجود ہے صرف اس کے بقدر کلیم کر سکتے ہیں پورے خرچے کا  کلیم کرناکرنا درست نہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved