- فتوی نمبر: 6-393
- تاریخ: 01 جون 2014
استفتاء
میڈیکل ریپ کی طرف سے سیمپل، کھانے پینے کی اشیاء اور ان کی کمپنی کی طرف سے سیر سپاٹے جائز ہیں؟ جبکہ ان کی ادویات بھی اعلیٰ اور عالمی معیار کی ہوں اور ان کی طرف سے ان کی ادویات استعمال کرنے کی شرط بھی نہ ہو۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
ڈاکٹر کا کمپنی کی ایسی کسی پیشکش سے فائدہ اٹھانا جس سے وہ کسی بھی حد تک اس کمپنی کی مصنوعات کی ترویج کا پابند ہو جائے یا اپنے آپ کو پابند محسوس کرے نا جائز ہے اور رشوت ہے اس میں اعلیٰ ہوٹل میں قیام و طعام بھی شامل ہے اور سفری خرچہ بھی۔ (مریض و معالج کے اسلامی احکام: 338)
البتہ دواؤں کی کمپنیوں کی جانب سے نمونہ جات یا چھوٹے چھوٹے ہدیے مثلاً معمولی قیمت کا قلم، نسخہ لکھنے کا پیڈ، کیلنڈر وغیرہ ڈاکٹروں کو دیے جاتے ہیں (جن کی بناء پر ہر ایک با مروت ڈاکٹر متعلقہ کمپنی کی دوا لکھنے پر مجبور نہیں ہوتا) ڈاکٹروں کے لیے ان کو لینا اور ان کو اپنے استعمال میں لانا یا دوسروں کو مفت استعمال کے لیے دینا جائز ہے۔
قیمتی ہدیے مثلاً کار، ریفریجرٹر، کمپیوٹر، کسی بیرونی ملک کے سفر کا ٹکٹ، دواؤں میں کمیشن اور کسی بڑے ہوٹل میں کھانے کا خرچ وغیرہ یہ سب رشوت کی صورتیں ہیں اور ان کا لینا دینا دونوں نا جائز ہیں۔ قیمتی ہدیوں سے مراد وہ ہدیے ہیں جو کمپنی والے ہر کسی ڈاکٹر کو نہیں دیتے۔ (مریض و معالج: 335) فقط و اللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved