• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

کریڈٹ کارڈ کا استعمال

استفتاء

کریڈٹ کارڈ کے استعمال کے بارے میں شریعت کیا کہتی ہے جبکہ اس کی واجب الاداء رقم کی ادائیگی مقررہ وقت کے اندر اور بغیر سود کے کر دی جائے۔ بندہ کو ایک مجبوری کی وجہ سے کریڈٹ کارڈ بنوانا پڑ گیا تھا۔ وہ وجہ یہ ہے کہ آن لائن ہوٹل بکنگ کریڈٹ کارڈ کے بغیر ممکن نہیں اس صورت میں کہ آپ نے کچھ ادائیگی بکنگ کرتے وقت کرنی ہو جسے pre-arthorization کہتے ہیں جب کہ باقی کی ادائیگی اس قت کی جائے جب آپ اس ہوٹل میں قیام کریں۔ اگر ایک طے شدہ تاریخ سے پہلے آپ بکنگ کینسل کر دیں تو ادائیگی واپس آپ کے کارڈ میں آجاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے آپ ڈیبٹ کارڈ استعمال نہیں کر سکتے کیونکہ اس کے اندر ایسا کوئی طریقہ نہیں کہ ایک دفع ادا شدہ رقم واپس آپ کے اکاؤنٹ میں آجائے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آپ کو بکنگ کینسل کروانا پڑتی ہے  ویزہ تاخیر، فلائٹ تاخیر، پلان کی تبدیلی وغیرہ، اس صورت میں کیا کیا جائے؟ بندہ کو اس مجبوری کی وجہ سے کریڈٹ کارڈ بنوانا پڑا حالانکہ میرے پاس میزان بینک کا ڈیبٹ کارڈ موجود تھا۔ میں نے یہ مسئلہ میزان بینک کو بھی لکھا لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ مزید براں  اس کریڈٹ کارڈ کو اب ہوٹل بکنگ کے علاوہ بھی استعمال کرنا شروع کر دیا کیونکہ ایسا کرنے سے آپ کی سالانہ فیس معاف ہو جاتی ہے۔ ان حالات اور طریقہ کار کے مطابق کیا کریڈٹ کارڈ کو استعمال کیا جا سکتا ہے؟ اگر نہیں تو پھر ہوٹل بکنگ والی مجبوری کا کیا حل کیا جائے؟ بکنگ کے طریقہ کار کی تفصیل سمجھے کے لیے درج ذیل ویب سائٹس دیکھی جا سکتی ہیں:

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

کریڈٹ کارڈ بنوانے کے لیے چونکہ سود کا مشروط طور پر آمادگی کا اظہار کرنا پڑتا ہے جو ایک مسلمان کی شان سے بعید ہے اس لیے کریڈٹ کارڈ بنوانا جائز نہیں۔ اگر کوئی خاص مجبوری ہو جہاں اس کے بغیر کام نہ چلتا ہو تو بدرجہ مجبوری بنوا سکتے ہیں، ضرورت پوری ہونے کے بعد اسے ختم کروا دیا جائے تاکہ وہ سودی معاہدہ ختم ہو جائے۔

آپ اپنی ضرورت کا ہوٹل کے معیار وغیرہ میں کمی کر کے کوئی متبادل حل سوچیں تاکہ مستقل استعمال سے بچ سکیں۔ نیز میزان بینک کے علاوہ کسی دوسرے بینک سے بھی بات کر لیں کہ کیا ان کے ڈیبٹ کارڈ میں آپ کی مشکل کا حل ہے یا نہیں؟

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved