- فتوی نمبر: 23-388
- تاریخ: 29 اپریل 2024
- عنوانات: مالی معاملات > خرید و فروخت
استفتاء
ہماری ایک جاننے والی ہیں، ان کے شوہر کسٹم میں لگے ہوئے ہیں ان کو وہاں سے سامان ملتا ہے جو بھی کنٹینر جاتے ہیں ۔ جیولری کا بھی ہوتا ہے اور دوسرا بھی۔ ان کی بیوی نے وہ سامان آن لائن بیچنا شروع کر دیا ہے کیا ہم وہ خرید سکتے ہیں؟ ہمیں نہیں معلوم وہ سامان اس کے شوہر کو رشوت کے طور پر ملتا ہے یا ویسے ہی۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
عام طور پر کسٹم والے لوگوں کا سامان یا تو بطور رشوت کے لیتے ہیں یا مالک کی اجازت کے بغیر لیتےہیں اس لیے ان سے پوچھے بغیر کہ یہ سامان حلال ذریعہ سے انہیں حاصل ہوا ہے یا نہیں ان سے سامان خریدنا جائز نہیں ۔البتہ ظن غالب ہو کہ وہ سامان حلال طریقہ سے حاصل ہوا ہے(مثلاً خود باہر سے سامان خرید کر منگوایاہے) تو اس صورت میں بغیر پوچھے بھی خرید سکتے ہیں۔
الفتاوی العالمگیریۃ، کتاب البیوع، باب العشرون (طبع: مکتبہ رشیدیہ، جلد نمبر5 صفحہ نمبر 57) میں ہے:“رجل اشترى من التاجر شيئا هل يلزمه السؤال أنه حلال أم حرام قالوا ينظر إن كان في بلد وزمان كان الغالب فيه هو الحلال في أسواقهم ليس على المشتري أن يسأل أنه حلال أم حرام ويبنى الحكم على الظاهر ، وإن كان الغالب هو الحرام أو كان البائع رجلا يبيع الحلال والحرام يحتاط ويسأل أنه حلال أم حرام “رد المحتار علی الدر المختار، کتاب البیوع، باب البیع الفاسد (طبع: مكتبہ رشیدیہ، جلد نمبر 7صفحہ نمبر 305) میں ہے:“وفيه: الحرام ينتقل، ۔۔۔ الحرمة تتعدد مع العلم بها إلا في حق الوارث، وقيده في الظهيرية بأن لا يعلم أرباب الأموال” (قوله: الحرام ينتقل) أي تنتقل حرمته وإن تداولته الأيدي وتبدلت الأملاك، ويأتي تمامه قريبا”احسن الفتاوی، کتاب الحظر والاباحۃ(طبع: ایچ ایم سعید کمپنی، جلد نمبر 8 صفحہ نمبر93) میں ہے:“سوال : بیرون ممالک سے تجار جو خلاف قانون اشیاء منگواتے ہیں، بعض مرتبہ حکومت ان کو ضبط کر لیتی ہے، بعد میں اسے نیلام کرتی ہے اور سستے داموں فروخت کر کے اس سے حاصل شدہ رقم سرکاری خزانہ میں داخل کرتی ہے، حکومت سے ایسا مال خریدنا جائز ہے یا نہیں؟
الجواب باسم ملھم الصواب: اس مال پر حکومت کا قبضہ ظلم ہے، مالی جرمانہ بہرحال ناجائز ہے۔ اس لئے اگر خریدنے والے کو علم ہو تو اس کے لئے اس کا خریدنا جائز نہیں”
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved