• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

داڑھی کے سفید بال کالے کرنا

استفتاء

جناب! میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں نے داڑھی رکھ لی اور میری عمر 35 سال ہے، پر داڑھی کے کچھ بال سفید بھی ہیں۔ میرے ایک دوست ہیں انہوں نے کہا کہ میں داڑھی کو کالا کر سکتا ہوں جب تک کہ میری عمر 40 سال تک نہ پہنچ جائے۔ ویسے میں پردیس میں رہتا ہوں، کام کے حوالے سے ۔ میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا ایسی صورت میں کوئی گنجائش ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

داڑھی کے سفید  بالوں کو کالا کرنا جائز نہیں، حدیث میں اس پر وعید آئی ہے۔ البتہ کالے رنگ کے علاوہ کوئی اور رنگ کر سکتے ہیں مثلاً گہرا سرخ۔

ابو داؤد شریف (رقم الحدیث: 4214) میں ہے:

عن ابن عباس، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «يكون قوم يخضبون في آخر الزمان بالسواد، كحواصل الحمام، لا يريحون رائحة الجنة».

ترجمہ: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ  نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ آخری زمانے میں ایسے لوگ ہوں گے جو سیاہ خضاب لگائیں گے  جیسا کہ کبوتر کے پوٹے ، وہ جنت کی خوشبو بھی نہ سونگھ پائیں گے۔

ابو داؤد شریف  میں دوسری جگہ(رقم الحدیث: 4204) ہے:

عن جابر بن عبد الله، قال: أتي بأبي قحافة يوم فتح مكة ورأسه ولحيته كالثغامة بياضا، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «غيروا هذا بشيء، واجتنبوا السواد».

ترجمہ: حضرت جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ فتح مکہ کے موقع پر حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کے والد ابو قحافہ کو نبی ﷺ کی خدمت میں لایا گیا اور ان کی حالت یہ تھی کہ ان کا سر اور ان کی داڑھی سفیدی میں ایک پھول کی طرح  تھے تو نبی ﷺ نے فرمایا اس (سفیدی) کو کسی چیز (یعنی رنگ وغیرہ) سے بدل دو اور رنگنے میں سیاہ سے اجتناب کرو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved